سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی کی نشست این اے 206اور207 سے کامیاب ہونیوالے پیپلز پارٹی کے امیدواروں سید خورشید احمد شاہ اور نعمان اسلام شیخ کیخلاف تحریک انصاف کے امیدواروں کی جانب سے الیکشن ٹربیونل میں اپیلیں دائر کردی گئیں، الیکشن ٹربیونل نے فریقین اور الیکشن کمیشن کے ارکان کو 24ستمبر کو طلب کرلیا۔ این اے 206پر پیپلز پارٹی کے کامیاب ہونیوالے سید خورشید شاہ کے خلاف تحریک انصاف کے رہنما سید طاہر شاہ نے اپیل دائر کی، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ انتخابات میں این اے 206 کے کئی حلقوں سے دھاندلی کے ذریعے کامیابی حاصل کی گئی، دوسری جانب این اے 207پر پیپلز پارٹی کے ایم این اے نعمان اسلام شیخ کی کامیابی کو بھی چیلنج کیا گیا ہےتحریک انصاف کے امیدوار مبین جتوئی نے سندھ ہائی کورٹ بینچ میں قائم الیکشن ٹربیونل میں الیکشن نتائج تبدیل کرنے اور دھاندلی کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے۔ جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ 87 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 نہیں دیئے گئے، ہم نتائج کو تسلیم نہیں کرتے، این اے 207 پر دھاندلی کرکے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو جتوایا گیا ہے، میرے 7ہزار سے زائد ووٹ مسترد کرکے مجھے شکست سے دوچار کرایا گیا۔ الیکشن ٹربیونل نے فریقین اور الیکشن کمیشن کے ارکان کو 24 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔