کراچی (نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر (ر) خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمینز قومی ٹیم کی کارکردگی سے مایوس ہیں اور انہوں نے اپنی ذمے داری جاری رکھنے کے لئے پی ایچ ایف سے کچھ وقت مانگا ہے جس میں انہوں نے کچھ اپنی فیملی پرابلم سے بھی آگاہ کیا ہے۔ پاکستان ہاکی کو جیت کے ٹریک پر آنے میں کچھ وقت درکار ہے، پی ایچ ایف کے حکام کو تھوڑا وقت دیا جائے اس کے بعد ہمارا احتساب کیا جائے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہیڈ کوچ اپنے معاملات میں خود مختار ہیں اگر وہ مزید قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند نہیں تو ہم ان سے زبردستی نہیں کر سکتے ہیں۔ پی ایچ ایف بھی ان کا دو سالہ معاہدہ منسوخ کرنے میں با اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں ٹیم کی کارکردگی بہت زیادہ اچھی نہیں ہے، ہمیں اس میں مزید بہتری لانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف ٹیم کو مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے، غیر ملکی کوچ اور فزیکل ٹرینر لے کر آئے ہیں، کھلاڑیوں کا کام ہے کہ وہ اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کریں، پی ایچ ایف کھلاڑیوں سہولت دے سکتی ہے، ہم مالی مشکلات کے باوجود قومی ٹیم اور کھیل پر بہتر ٹریک پر لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے لئے قومی کیمپ کو کراچی منتقل کیا جائے گا، کراچی میں اکتوبر میں آل پاکستان نیول کپ ہاکی ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا جس کی وجہ سے کیمپ کو لاہور سے کراچی منتقل کیا جائے گا، اس دوران پی ایچ ایف کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں قومی ہاکی سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوید عالم کے خلاف انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے، یہ پی ایچ ایف کا اندرونی مسئلہ ہے اس لئے اس میں فیڈریشن کے لوگ ہی شامل ہوں گے۔ نوید عالم کو صفائی کا پورا موقع دیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ایف کسی ایسوسی ایشنز کے خلاف نہیں ہے، اگر کسی کو شکایت ہے تو اسے مل جل کر حل کیا جاسکتا ہے۔