سکھر (بیورو رپورٹ) میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی عدم توجہی و لاپرواہی کے سبب شہر کے اہم ترین کاروباری مرکز گھنٹہ گھر چوک پر غیر قانونی طور پر قائم پارکنگ ایریا شہریوں کے لئے درد سر بن گیا، موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کے سبب گھنٹہ گھر چوک اور اطراف کے تجارتی مراکز میں بدترین ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بنا ہوا ہے، گاڑیوں کے اژدھام کے باعث لوگوں کا پیدل چلنا بھی محال ہوگیاجبکہ خریداری کے لئے شہر و بیرون شہر سے آنیوالے افراد بالخصوص خواتین و بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شہر کے اہم ترین کاروباری مرکز میں طویل عرصے سے غیر قانونی طور پر پارکنگ ایریا قائم ہے، جسے ختم کرانے کے لئے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کسی بھی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے، میونسپل کارپوریشن کے شعبہ لینڈ گرانٹ کے عملے کی جانب سے انسداد تجاوزات آپریشن کے نام پر رسمی کارروائی کرکے کاغذوں کا پیٹ بڑھ دیا جاتا ہے اور رسمی کارروائی کے دوران صرف غریب ریڑھی بانوں اور چھوٹے دکانداروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے تاہم شہر کے مرکزی تجارتی علاقے گھنٹہ گھر چوک پر غیر قانونی طور پر قائم پارکنگ ایریا میونسپل کارپوریشن کے شعبہ لینڈ گرانٹ کی نگاہوں سے اوجھل ہے، جس کے باعث شہریوں و تاجروں میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ رہی ہے۔ گھنٹہ گھر چوک شہر کا اہم ترین کاروباری علاقہ ہے، جہاں سے سکھر کے دیگر کاروباری علاقوں کو بھی راستے جاتے ہیں اور نہ صرف شہر بلکہ بیرون شہر سے بھی خریداروں کی ایک بڑی تعداد گھنٹہ گھر کا رخ کرتی ہے تاہم گھنٹہ گھر چوک پر غیر قانونی طور پر قائم پارکنگ ایریا کے باعث چھوٹی و بڑی گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس کر رہ جاتی ہیں، موبائل مارکیٹ کے باہر موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی وجہ سے مذکورہ علاقے میں اس قدر بدترین ٹریفک جام ہوتا ہے کہ شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہوجاتا ہے، موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کو دیکھتے ہوئے دیگر گاڑی مالکان بھی اپنی گاڑیاں پارک کردیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے نہ صرف گھنٹہ گھر چوک بلکہ اطراف کے تجارتی مراکز شہید گنج، پان منڈی، بیراج روڈ، اسٹیشن روڈ، ڈھک روڈ ودیگر علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوجاتا ہے، رکشے، موٹر سائیکلیں، کاریں و دیگر گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس کر رہ جاتی ہے جس کی وجہ سے خریداری کے لئے آنیوالے مرد و خواتین و بچوں کے ساتھ ساتھ مسافر گاڑیوں میں سوار افراد بھی مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔ سکھر کے شہری و عوامی حلقوں نے غیر قانونی طور پر قائم پارکنگ ایریا ختم نہ کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے بجائے غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے جس کے باعث شہر کی حالت خراب ہوتی جارہی ہے، لینڈ گرانٹ عملے کا قائم شہر میں غیر قانونی طور پر قائم تجاوزات کو ختم کرنا ہے مگر سمجھ نہیں آتا کہ میونسپل کارپوریشن کے لینڈ گرانٹ کے شعبہ کے افسران گھنٹہ گھر چوک پر قائم غیر قانونی پارکنگ ایریا کو ختم کرانے کے لئے کارروائی کیوں نہیں کرتے، آخر ان کے کیا مفادات ہیں جو گھنٹہ گھر پر غیر قانونی پارکنگ ایریا کو ختم نہیں کرایا جارہا ہے، شہر کے اہم کاروباری مراکز اور شاہراہوں پر پہلے ہی ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے اور اس پر رہی سہی کسر غیر قانونی طور پر قائم پارکنگ ایریاز نے پوری کردی ہے، میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی طور پر قائم پارکنگ ایریا ختم کرانے کے لئے کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن، ودیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ گھنٹہ گھر چوک پر قائم غیر قانونی پارکنگ ایریا فوری طور پر ختم کرایا جائے اور غفلت کے مرتکب میونسپل کارپوریشن کے شعبہ لینڈ گرانٹ کے افسران و اہلکاروں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔