سپریم کورٹ میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عدم پیشی سے متعلق کیس کی سماعت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرادیا ہے ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو اس حوالے سے کئے گئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کےلئے نیب نے11 ستمبر کو وزارت داخلہ کو خط لکھا ۔
نیب کا خط ملنے پر 13 ستمبر کو وزارت داخلہ نے خط برطانوی ہائی کمیشن کو لکھا جس کے بعد 21 ستمبر کو برطانوی ادارے ایف سی او کو خط بھیجا گیا ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نےمزید بتایا کہ ایف سی او نے مزید کارروائی کے لئے پاکستانی وزارت داخلہ کا خط برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھیج دیا ہے ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پاکستان اپنے بھیجے خط پر اب برطانیہ کی جانب سے جواب کا منتظر ہے ۔
سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی ہے ۔