اسلام آباد(نیوز ایجنسی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے این آر او عملدرآمد کیس میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نظر ثانی درخواست سماعت کے لیے مقررکر دی۔چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی آج سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ نے این آر او کیس میں آصف زرداری اور ان کی فیملی سے 2007 سے 2018 تک کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں۔سابق صدر زرداری نے سپریم کورٹ کے این آراو عملدرآمد کیس میں عبوری حکم کو چیلنج کر رکھا ہے،انہوں نے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے حکم کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں آصف علی زرداری نے موقف اپنایا ہے کہ انکم ٹیکس قانون کی شق 121 کیمطابق 5 سال تک کی تفصیلات طلب کی جاسکتی ہیں، کیا بچوں سے بھی ایک عشرے کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی جاسکتی ہیں؟انہوں نے درخواست میں مزید کہا ہے کہ میری اہلیہ بے نظیربھٹو کے اثاثوں کی تفصیلات مانگنا شہید کی قبر کے ٹرائل کے مترادف ہے۔