• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بر طانیہ میں امیگریشن پالیسی کا دہرا معیار نہیں ہونا چاہئے،شیڈو منسٹر افضل خان

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) شیڈو وزیر برائے امیگریشن محمد افضل خان نے کہا ہے کہ برطانوی حکومت بریگزیٹ کی جانب رواں ہے اور یورپ سے علیحدہ ہونے کے بعد برطانیہ کی امیگریشن پالیسی تبدیل ہونی چاہئے کیونکہ ہمار ا اب اپنی پالیسی پر انحصار ہوگا، امیگریشن پالیسی کا دہرا معیار نہیں ہونا چاہئے، اس سے پہلے یورپین کیلئے علیحدہ انتظام تھا اور دولت مشترکہ کے ممالک کے باشندے برطانیہ آنے اور مقیم کیلئے دوسرا سسٹم تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز شخصیت چوہدری سعید عبداللہ، چوہدری محمد انور، حاجی عبدالغفار صنم کی جانب سے پاکستان کے ضلع ساہیوال ہارٹی کلچر کے چیئرمین پیر حاجی احسان الحق ادریس کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر کیا۔ تقریب میں سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن، چوہدری نصیر احمد، محمد وقار خان، حاجی محمد اسلم، محمد اجمل خان، چوہدری محمود الحسن، استاد محمد صفدر چشتی، حاجی عبدالقیوم، قیصر محمود، شہبازسرور، سیف الرحمٰن چوہدری، حماد چوہدری کے علاوہ کمیونٹی رہنماؤں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ افضل خان نے مزید کہا کہ امیگریشن پالیسی میں تمام لوگوں کے ساتھ یکساں برتاؤ ہونا چاہئے تاکہ مساوات کے تقاضے پورے کرنے کے ساتھ دنیا کو بتاسکیں کہ برطانیہ میں تمام ممالک کے باشندوں کیلئے ایک ہی قانون ہے۔ یورپ کے علیحدہ ہونے والے اور افرادی قوت کے لئے ان ممالک کی خدمات حاصل کرنی چاہئے۔ ہارٹی کلچر کے چیئرمین پیر احسان الحق ادریس نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک بڑا منصوبہ ہے اور اس منصوبے سے جنوبی ایشیاء کے ساتھ دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا۔ سی پیک منصوبے کے دوران سڑکیں بنائی جانے سے دیگر شہروں گاؤں بلکہ جہاں جہاں سڑکیں گزریں گی اس کے اثرات مرتب ہوں گے، پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور عمران خان کی حکومت نے پہلے دن سے ہی اتنا بڑا وعدہ قوم سے کیا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ، سستا انصاف ہر پاکستانی کو ملے گا تو اس لحاظ سے بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔ وہ وقت دور نہیں ہے کہ پاکستان پوری دنیا میں ایک مثال بن کر سامنے آئے گا۔ چوہدری سعید عبداللہ نے ہم برطانیہ میں آباد ہیں مگر ہمارے دل پاکستان کے لئے دھڑکتے ہیں۔ چوہدری پرویز عالم، چوہدری محمد انور، حاجی عبدالغفار صنم، کونسلر نعیم الحسن اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ہمارا ملک ہے۔ برطانیہ میں ہماری حیثیت ایک داعی کی ہے، ہمیں پر امن شہری بن کر آگے بڑھنا ہے اور تمام اقوام کو یہ بتانا ہے کہ ہم تمام مذاہب کا احترام کرنے والے اور دنیا کیلئے پیغام محبت کے امین ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ برطانیہ کے اندر رہنے والی مسلم کمیونٹی کی تعداد، مساجد، سکولز میں اضافہ ہو رہا ہے، ہر شعبہ ہائے زندگی میں ہماری نوجوان نسل آگے بڑھ رہی ہے لیکن ابھی مزید کام کرنے اور توجہ کی ضرورت ہے۔ ہمیں تعلیم کی طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں جان لینا چاہئے کہ برطانیہ میں ہمارا مستقبل تعلیم اور اپنی اولاد کی بہترین تربیت سے وابستہ ہے اور اس سلسلے میں کسی سستی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔
تازہ ترین