اسلا م آباد( طاہر خلیل،ارشد وحید چوہدری، عاصم یٰسین) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن لیڈر کو ملے گی،اسی روایت کو برقرار رکھیں گے،وقت آگیا ہے کہ تمام ریاستی ادارے قومی ایشوز پر اتفاق رائے کیلئے نیاعمرانی معاہدہ کریں، کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے ،سیاست میں کرپشن کو غداری کے مترادف سمجھتا ہوں،وزیراعظم کی موجودگی سے پارلیمنٹ مضبوط ہوگی، اگرحکومت پارلیمنٹ کواہمیت دے گی تب اس کی بالادستی قائم ہوگی،سیاستدان انفرادی سوچ ختم اوراجتماعی طرز فکر اختیار کریں اسی طرح ملک آگے چلے گا، افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کےلئے بطور سپیکر کردارادا کروں گا، نیشنل سکیورٹی، معیشت، واٹر سکیورٹی، توانائی اورتعلیم کے معاملات پر متفقہ قومی ایجنڈا ہونا چاہیے، متفقہ قومی ایجنڈے پر سیاسی اتفاق رائے کیلئے تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، پی پی پی اور ایم ایم اے سمیت دیگر جماعتوں سے ابتدائی بات چیت کی ہے، فنانس بل نمٹانے کے بعد قومی اسمبلی میں نیشنل ایجنڈے کیلئے بحث کرائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار سپیکر اسد قیصر نے منگل کو جنگ، جیو اور دی نیوز کے نمائندوں پر مشتمل پینل انٹرویو میں کیا، اس پینل میں جنگ کے طاہر خلیل، جیو نیوز کے ارشد وحید چوہدری اور دی نیوز سے عاصم یٰسین شامل تھے،سپیکر کا منصب سنبھالنے کے بعد اسد قیصر کا پہلا انٹرویو تھا۔