• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خارجہ شاہ محمود کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ سے ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران تعلقات کو کثیر الجہتی اسٹریٹجک پارٹنر شپ میں تبدیل کرنے پر زور دیا گیا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ فیڈریکا موگرینی، سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اور عمان کے وزیر خارجہ سے بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کچھ نہیں چھپا رہا تو انکوائری کمیشن بنانے کے لیے حمایت کرے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے برطانوی ہم منصب جریمی ہنٹ نے نیویارک میں ملاقات کی جس میں سیاسی، سیکیورٹی، ڈیفنس، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بات کی گئی اوراس بات پر زور دیا گیا کہ باہمی تعلقات کو کثیر الجہتی اسٹریٹیجک پارٹنر شپ میں تبدیل کیا جائے۔

امور خارجہ سے متعلق یورپی یونین کی سربراہ فریڈریکا موگرینی سے وزیر خارجہ کی ملاقات میں جی ایس پی پلس پر بات ہوئی اور باہمی تجارت میں اضافے، مائیگریشن، امن اور سلامتی سے متعلق تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں قیام امن کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمودقریشی اور سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر کی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب پر بات ہوئی، دونوں ملکوں کی قیادت نے علاقائی صورتحال پر یکساں سوچ رکھنےپر اطمینان کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی نے سلطنت اومان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی سے بھی ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ نے پاکستانی ہنر مندوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے پر بات کی۔

شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کشمیر رابطہ گروپ سے بھی خطاب کیا،ان کا کہنا تھا کہ ا قوام متحدہ کی رپورٹ کشمیرپر پاکستان کے سوالات کی ہی توثیق کر رہی ہے، اجلاس کے شرکاء نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو یادداشت نامہ بھی پیش کیا۔

وزیر خارجہ نے نیویارک میں ٹی بی کے خاتمے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے اجلاس سےبھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان ٹی بی سے متاثرہ 7بڑے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اس مرض کو ختم کرنے کی کوشش تیز کی جائے۔

شاہ محمود قریشی سے برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے چیئرمین ڈیوڈ ملی بینڈ نے بھی ملاقات کی جس کے دوران سانحات میں امدادی کوششوں، تعلیم، ہیلتھ کئیر اور صاف پانی کی فراہمی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

تازہ ترین