جونیئر ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے ننھے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی ، انڈر 15 ، انڈر 17 اور انڈر 19 کے ٹائٹل جیت لیے ۔
بھارت کے شہرچنئی میں ہونے والی جونیئر ایشین چیمپئن شپ کے انڈر 15 میں پاکستان کے محمد حمزہ ، انڈر 17 میں پاکستان کے حارث قاسم اور انڈر 19 میں پاکستان کے عباس زیب نے ٹائٹل جیت لیے جبکہ انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان کے انس شاہ کو شکست ہوئی۔
پاکستان کے محمد حمزہ نے انڈر15 فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ارناو سرین کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی ،ان کی جیت کا اسکور 9-11 ،6-11 اور 7-11 رہا ۔
انڈر 17 فائنل میں حارث قاسم نے ملائیشین کھلاڑی محمد عامر کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی جن کی جیت کا اسکور 10-12، 11-8، 9-11 ،5-11 اور9-11 رہا۔
انڈر 19 کے فائنل میں پاکستان نے عباس زیب نے ہانگ کانگ کے کھلاڑی چنگ یاٹ لانگ کو 4-11، 3-11 اور 4-11 کے اسکور سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان کے انس شاہ کو سخت مقابلے کے بعد بھارتی حریف یوراج ودھوانی کے ہاتھوں 11-13، 5-11، 11-6 اور 10-12 سے شکست ہوئی۔