سکھر (بیورو رپورٹ) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ اور قائد جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن نے عمران خان کو یوٹرن وزیر اعظم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں کوئی سیاسی بصیرت ہے، نہ قوت فیصلہ ہے، انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، وزراء حواس باختگی میں بانت بانت کی بولیاں بول رہے ہیں، عوام پر منی بجٹ تیل گیس بجلی مہنگی کر کے مہنگائی کے ڈرون حملے کئے جارہے ہیں۔ وہ جے یو آئی کے مرکزی رہنماؤں علامہ راشد محمود سومرو، مولانا امجد خان، مولانا عبدالحق مہر دیگر سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سوچے سمجھے بغیر چین جیسے دوست ملک کے بجائے امریکہ و انڈیا کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، ہمیں کہا جا رہا ہے کہ صرف ایک سال انتظار کرو مگر ہم جمہوریت پر شب خون مارے جانے، عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے اور حکومت کے اسلام و ملک دشمن فیصلوں پر خاموش نہیں رہ سکتے۔