• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان ، ہیلمٹ کےاستعمال کا قانون ، شہری پریشان

ملتان میں موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال پرسختی سے عمل در آمد شروع کر دیاگیا ۔ ہیلمٹ کی قیمتوں میں اضافے اور پولیس کے جرمانے سے شہری پریشان ہوگئے ۔

حکومت کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہن کر سفرکرنے کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کروانے کے احکامات کے بعد ملتان شہر میں ہیلمٹ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے وہیں ٹریفک پولیس کی جرمانہ کی مد میں آمدنی میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی قرار دئیے جانے کے بعد مارکیٹ میں ہیلمٹ کی فروخت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے شہریوں کے مطابق اس اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے تاجروں کی جانب سے ہیلمٹ کی قیمتوں میں اضافہ اور انکی کوالٹی میں کمی کردی گئی ہے ۔

ملتان ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک ہفتہ تک ہیلمٹ کے استعمال سے آگاہی مہم چلانے کےبعد اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پرکاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے شہر کی تمام اہم شاہراوں پر ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کے دھڑا دھڑ چالان ہوتے نظر آرہے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 4سو سے 5 سو چالان صرف ہیلمٹ کا استعمال نا کرنے والوں کے کئے جارہے ہیں جس سے ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

ریسکیو 1122 کے اعداد و شمار بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کے ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل چلانے والے اگر کسی حادثہ کا شکار ہو بھی جائیں انکی جان کے بچ جانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں بہ نسبت ان لوگوں کے جو ہیلمٹ پہنے بغیر موٹرسائیکل چلاتے ہیں ۔

تازہ ترین