کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسقط میں کھیلی جانے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹرائلز لاہور کے بجائے کراچی میں 11اکتوبر ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں کرانے کا اعلان کیا ہے، دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کو بہتر ٹریک پر لانے کے لئے نیا فورمولا سامنے لانے پر غور کرتے ہوئےقومی ہاکی ٹیم کی قیادت تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز میں رضوان سینئر کے نامناسب رویے کی شکایات ملنے پر ہاکی فیڈریشن نے کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کی ہے، جس کے بعد امکان ہے کہ گول کیپر عمران بٹ اور عرفان سینئر میں سے کسی ایک کو ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔حتمی فیصلہ ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر کریں گے ٗنئے کپتان اور قومی ٹیم کا اعلان 11 یا 12 اکتوبر کو کیا جاے گا۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہموجودہ کپتان رضوان سینئر نے کپتان برقرار رکھنے کی صورت میں ہی ایشین چمپئن ٹرافی کے لئے ٹیم کا حصہ بننے کی شرط رکھ دی ہے۔، پاکستانی ٹیم14 اکتوبر کو کراچی سے مسقط عمان روانہ ہوگی۔ٹرائلز کی نگرانی چیف سلیکٹرا صلاح الدین صدیقی سلیکشن کمیٹی کے ارکان قاسم خان، مصدق حسین اور ایاز محمود کے ہمراہ کریں گے جبکہ پی ایچ ایف کے عہدیداران بھی ٹرائلز کے عمل کو مانیٹر کریں گے۔