کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے پریس ریلیز میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال خصوصاً اسٹریٹ کرائمز پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پشتون آباد ،پشتون مینہ، گوالمنڈی چوک ، سرکی روڈ، جان محمد روڈ ، خالق آباد ،ڈبل روڈ، انڈسٹریل ایریا، نواں کلی ، عثمان کلاں ،کاکڑ کالونی ، اچکزئی کالونی ، تختانی بائی پاس ،ہزار گنجی ، مغربی بائی پا س ، احمد خانزئی بائی پاس ،سریاب ، دیبہ ودیگر علاقوں کےعوام عدم تحفظ کا شکار ہیں گزشتہ دنوں جان محمد روڈ پرتندور میں صبح سویرے ڈکیتی کے دوران نان بائی ذبیح اللہ کو قتل کردیاگیا ایک ماہ کے دوران پشتون آباد وگردونواح میں 70سے زائد موٹرسائیکل چھیننے کے واقعات رپورٹ ہوئے ۔ شہریوں کو سرعام گھروں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنا کر قیمتی اشیاء سے محروم کیاجارہاہے اس سلسلے میں انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران کو بارہا شکایات کی گئی مگرتاحال کوئی مثبت پیش رفت نظر نہیں آرہی ۔بیان میں مقتول نان بائی کے لواحقین سے تعزیت کااظہار کیاگیاہے۔