• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری گینگ کا سرغنہ غفار ذکری ساتھی سمیت مارا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے لیاری میں مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کے خطرناک دہشت گرد غفار ذکری اور اسکے ساتھی کو ہلاک کردیا ، مقابلے کے دوران غفار ذکری کا 4 سالہ بیٹا بھی جاں بحق ہوا، غفار ذکری کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی ، پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ ، اور بڑی تعداد میں آوان بم برآمد کرلیے ، مقابلے کے دوران پولیس افسر اور اہلکار زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق بغدادی تھانے کی حدود علی محمد محلہ میں لیاری گینگ وار کے خطرناک دہشت گرد غفار ذکری اور اسکے ساتھی کی موجودگی پر لیاری ڈویژن کی 15 سے زائد پولیس موبائلیں علی محمد محلہ گلی نمبر 12 تندور والی گلی میں جمعرات کی صبح پہنچیں اور علاقے کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا۔پولیس نے آگے بڑھنا شروع کیا تو وہاں موجود دہشت گردوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور آوان بم سے بھی حملہ کردیا ، فائرنگ اور دھماکوں کی گونج سے علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس افسر اور ایک اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوگئے جن کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا ، دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا ، پولیس کی فائرنگ سے غفار ذکری کا ساتھی ہلاک ہوگیا ، پولیس کے مطابق غفار ذکری اپنے4سالہ بیٹے کو ڈھال بناتے ہوئے گود میں اٹھا کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ پولیس نے غفار ذکری پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں غفار ذکری اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ موقع پر ہلاک ہوگیا ، پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد لاشوں کو قریبی اسپتال پہنچایا، واقعہ کی اطلاع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ ، ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اڈھو سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے او ر جائے وقوعہ کا دورہ کیا ، ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم کے مطابق لیاری کے علاقے علی محمد محلہ میں حساس اداروں کی نشاندہی پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا، اس دوران ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور دستی بم سے حملے بھی کیے، تاہم ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کا مطلوب ترین ملزم غفار ذکری اور اس کا قریبی ساتھی زاہد چھوٹا مارا گیا،جاوید عالم کے مطابق مقابلے کے دوران ایک 4سالہ بچہ بھی جاں بحق ہواجو غفار ذکری کا بیٹا تھا اور جسے ا س نے ڈھال بنا رکھا تھا،انہوں نے بتایا کہ زخمی سب انسپکٹر اللہ دتہ کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

تازہ ترین