ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت آل پاکستان انٹر بورڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں لاہور نے مردان کو 3-0سے شکست دیکر چیمپئن شپ جیت لی۔
فائنل کے مہمان خصوصی میٹرک بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ پر امن ماحول میں ہاکی ٹورنامنٹ کاانعقاد مستحکم قدم ہے، طلباء و طالبات اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دینے کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
اس موقع پر ہاکی انٹرنیشنل کھلاڑی کامران اشرف، مخدوم ارشاد، حسن علی بلوچ، محمد صابر، عبداللطیف شاہ، محمد رمضان جمالی، محسن علی خان، عاصم عباسی اور خادم حسین بھی موجود تھے۔
عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں لاہور بورڈ کی ٹیم چھائی رہی اور مخالف ٹیم کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ لاہور نے 3-0 کی فتح کے ساتھ چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ صائمہ وارث نے دو جبکہ علیشا نے ایک گول کیا۔
چیمپئن شپ کا آغاز 2اکتوبر سے ہوا تھا جس میں ملک بھر کی گرلز ہاکی ٹیموں نے حصہ لیا۔
چیمپئن شپ میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے ملتان نے سکھر بورڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی اسٹروک پر 3-0سے شکست دی۔