وزیراعظم عمران خان عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، انہیں ہیڈ کوارٹرز سدرن کمانڈ میں بریفنگ بھی دی جائے گی۔
عمران خان کے کوئٹہ پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزراء نے استقبال کیا، وزیر اعظم کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر مملکت شہریار آفریدی اور دیگر حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر ا عظم عمر ان خان دورہ کوئٹہ کے دوران بلوچستان کابینہ سے ملاقات کریں گے وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کے حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کو ہیڈ کوارٹرز سدرن کمانڈ میں بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم کےدورہ کوئٹہ کےموقع پرپولیس کے تقریبا ایک ہزار 800 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے شہر میں عمران خان کی آمد کے حوالے سے جگہ جگہ خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں ۔