لاہور(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے زینب قتل کیس کے مجرم کی سزائے موت پر دائر رحم کی اپیل پر پیش رفت کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی اور رجسٹرار کو ہدایت کی ہے کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ مجرم کی رحم کی اپیل پر اب تک کیا کارروائی ہوئی ہے۔ کیا مجرم کی سزا پر کی عملدرآمد ہو گیا ہے؟ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کے روبرو سانحہ ماڈل ٹاون کے معاملے پر سماعت کے دوران زینب قتل کیس کا تذکرہ ہوا تو چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا مجرم کی سزا پر کی عملدرآمد ہو گیا ہے؟ چیف جسٹس کو آگاہ کیا گیا کہ مجرم نے تین ماہ قبل اپنی سزا کیخلاف صدر مملکت کو رحم کی اپیل کی تھی لیکن اس پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی چیف جسٹس نے رجسٹرار کو حکم دیا کہ زینب قتل کیس کے مجرم کی رحم کی اپیل پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں عدالت کو آگاہ کریں۔ چیف جسٹس نے زینب قتل کے واقعہ پر ازخود سماعت کرتے ہوئے اس واقع میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا تھا۔