کراچی (طلحہ ہاشمی) کراچی کے شربت والے کے بعد لاڑکانہ کا طالبعلم بھی ارب پتی نکلا ، اس کے نام سے کھولے گئے اکاؤنٹ میں 2سال میں ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں جبکہ اب بھی اس کے اکاؤنٹ میں 3؍ کروڑ روپے موجود ہیں ۔ طالبعلم نے اکاؤنٹ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔ تفصیلات کےمطابق اورنگی ٹاؤن کے فالود اشربت والے شہری کی طرز پر ٹریڈ اکاؤنٹ کا ایک اور کیس سامنے آگیاہے، اس بار اندرون سندھ اکاؤنٹ کھولا گیا، لاڑکانہ کے ایک طالب علم کے نام پر بڑی کنسٹرکشن کمپنی نے اکاؤنٹ کھولا اور اس میں 2013-2014ء کے دوران ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، اس اکاؤنٹ کی ایس ٹی آر یعنی سسپیشیس ٹرانسیکشن رپورٹ بھی فنانشل مانیٹرنگ یونٹ نے ایف آئی اے کو بھیجی تھی، جس طالب علم کے قومی شناختی کارڈ پر اکاؤنٹ کھولا گیااس سے ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نےبھی اسے طلب کیا، ایف آئی اے کو دیئے گئے بیان میں طالبعلم نے اکاؤنٹ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے، اس اکاؤنٹ میں اس وقت بھی تین کروڑ روپے موجود ہیں۔دوسری جانب اورنگی ٹاؤن کے فالودے شربت والے قادر کے کیس میں بھی پیشرفت ہوئی ہے اور ایف آئی اے نے پشاور میں کارروائی کرکے 5؍ افراد کو حراست میں لے لیاہے، ذرائع بتاتے ہیں کہ پکڑے گئے پانچوں افراد حوالہ اور ہنڈی کا کام کرتے ہیں۔