• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امہ میں اتفاق نہیں، امریکا سے تعلقا ت بتدریج آگے بڑھ رہے ہیں، شاہ محمود

ملتان (خبر ایجنسی، مانیٹرنگ سیل) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امہ میں اتفاق نہیں، امریکا سے تعلقات بتدریج بہتر ہورہے ہیں،اپوزیشن لیڈرکے خلاف کیس موجودہ حکومت نے نہیں بنایا،گرفتاری عدالتی عمل، احترام کیا جانا چاہیے۔ ملتان میں پریس کانفرنس کےد وران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے جس نے اپنی تحقیقات کی روشنی میں شہبازشریف کی گرفتاری کا منطقی راستہ اختیار کیا ، شریف خاندان کے پاس قانونی راستے موجود ہیں جو وہ اختیار کریں گے۔ دورہ امریکا کے حوالے سےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا سے تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میری تقریر ایک جماعت یا حکومت کی نہیں بلکہ پاکستانیوں کی آواز تھی، امریکا 2سال سے مسلسل نکتہ چینی کر رہا تھا اور تنبیہ کر رہا تھا لیکن ہم نے امریکا میں اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا اوراب ہمارے تعلقات بتدریج بہتر ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے، ہم جتنے متحد ہوں گے اتنی اپنے لئے آسانی پیدا کریں گے اور جتنے تقسیم ہوں گے اتنی ہماری آواز کمزور ہوگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی میں ملکی مفاد سب سے اہم ہے، ہمیں بہت سی چیزیں اپنی بقاء کے لئے کرنی ہوں گی اور اپنے وسائل کو بروئے کار لاکر اقدامات کرنے ہوں گے۔
تازہ ترین