سکھر(بیورو رپورٹ) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ مہنگائی اور منی بجٹ کے بعد اب سی این جی کی قیمت پیٹرول سے بھی زیادہ بڑھادی گئی ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں غریبوں کو براہ راست متاثر کررہی ہیں،پیپلزپارٹی غریبوں کے ساتھ ظلم برداشت نہیں کرے گی۔تحریک انصاف انتخابی وعدوں کے مطابق پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کا انتظام کرے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی یاد رکھے کہ سیاسی بیان بازیوں اور گرفتاریوں سے غریبوں کے چولہے نہیں جلیں گے اس لئے وہ انتخابی وعدوں کے مطابق پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کا انتظام کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت زمینی حقائق سے بے خبر ناقابل عمل پالیسیوں کے پیچھے بھاگ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے غریب دشمن پالیسیاں جاری رکھیں تو پیپلزپارٹی اٹھ کھڑی ہوگی اور غریب دشمن اقدامات کا راستہ روک کر دم لے گی۔