راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ ملزموں کی فائرنگ سے ڈیرے پر موجود پالتو کتا بھی ہلاک ہو گیا۔ تھانہ صادق آبادکے علاقہ شمس آباد میں ایک زیرتعمیر پلازہ کے سکیورٹی گارڈ شفقت کو اتوار کی رات فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔ گولی اسکی بائیں ٹانگ میں لگی۔ تھانہ وارث خان کو عدنان قریشی نے بتایا کہ میں وکیل ہوں‘ عمران کی گاڑی نمبر ایل آر ایم0738 میں انکے ہمراہ اپنے گھر کی طرف جا رہا تھا کہ لیاقت باغ کے قریب پیچھے سے ایک ٹیکسی نمبر آئی ڈی سی3774 ایف ایکس جس کا ڈرائیور کامران خان نہایت غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلاتا ہوا آیا‘ جس کے ساتھ 2نامعلوم افراد سوار تھے جو نشہ میں تھے اور ہماری گاڑی کو ٹکر مار دی جس سے ہماری گاڑی کی سائیڈ ٹوٹ گئی۔ انہوں نے آہنی راڈ سے مجھ پر حملہ کیا‘ میرے وائلٹ سے 50ہزار روپے چھین لئے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ تھانہ چونترہ کو سجاد خان نے بتایا کہ میرے ڈیرہ پر ملازم شکیل ولد مجید اور مقصود ولد عبدالخالق موجود تھے کہ میاں وسیم کے ملازم ربنواز، دانش نواز، اشرف معہ دیگر4 نامعلوم اشخاص مسلح ہو کر آگئے اور سائل کے ملازمین کو قتل کرنے کی نیت سے کلاشنکوف، رپیٹر اور پسٹل30 بور سے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ سائل کے ملازمین خوش قسمتی سے بچ گئے اور فائر سائل کے پالتو کتے کو لگے جو موقع پر ہی مر گیا۔ ڈیرہ کے کمروں اور دیواروں پر بھی فائر لگے۔ اطلاع وپا کر سائل موقع پر پہنچا تو مذکورہ ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے۔ تھانہ آراے بازار کو زاہد خان نے بتایا کہ میں اپنے ماموں ارشد خان کے گھر موجود تھا کہ میرے سسر خان ویز خان، طفیل خان، زبیرخان، طاہر خان معہ 2نامعلوم مسلح ملزمان گھر میں زبردستی داخل ہوئے‘ ہوائی فائرنگ کی اور مجھے اسلحےکی نوک پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ تھانہ مورگاہ کو شفقات حسین شاہ نے بتایا کہ میں کالج سے واپس گھر جا رہا تھا کہ مبین، اسرار معہ 2نامعلوم ملزمان نے مجھے مارا پیٹا جس سے میں زخمی ہوگیا۔