کراچی(اسٹاف رپورٹر) سائوتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کر نے والی پاکستانی وائٹ ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بدھ کو ایوان وزیر اعظم اسلام آ باد میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ کھلاڑیوں کو وزیر اعظم نے ملاقات کے لئے مدعو کیا تھا۔ اس موقع پر ٹیم کےچیف کوچ محمد ثقلین، منیجر شاہد بھنڈراو دیگر آفیشلز کے علاوہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر( ر) خالد کھوکھر،سیکریٹری شہباز احمد بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے سائوتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر کھلاڑیوں اور کوچز کو مبارک باد دی۔ ہر کھلاڑی کے لئے دس، دس لاکھ روپے کی انعامی رقم کا بھی اعلان کیا اور قومی کھیل کی بحالی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔انہوں نےکہا کہ قومی ٹیم نے گولڈ میڈل جیت کر قومی کھیل میں قوم کو خوشیاں دیں ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے سخت محنت کرے۔ماضی کی طرح قومی ہاکی ٹیم کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے مزید محنت کرے۔ قومی کھیل کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کیا جائے گا۔