اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمی نے اکبر بگٹی قتل کیس کے ملزم پرویز مشرف کی حفاظتی مچلکوں کی واپسی کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران مدعی جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے منگل کے روز ملزم پرویز مشرف کی درخواست کی سماعت کی تو جسٹس مشیر عالم نے استفسار کیا کہ مچلکوں کی واپسی پر ریاست کو کوئی اعتراض تو نہیں ہے؟ وکیل استغاثہ نے بتایا کہ ریاست کو کوئی اعتراض نہیں ہے جبکہ مدعی نے اپیل بھی نہیں کی ہے۔جس پر فاضل جج نے کہا کہ عدالت کی تسلی کیلئے مدعی کو نوٹس جاری کردیتے ہیں،کیا یہ جاننا ضروری ہے مدعی نے اپیل دائر کی ہے یا نہیں؟