• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، گھر کی دیوار گرنے سے 9 بچے جاں بحق، 2 زخمی

سکھر (بیورو رپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) سکھر کے نواحی علاقے صالح پٹ میں گھر کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 9معصوم بچے زندگی کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونیوالے بچوں میں 6لڑکیاں اور 3لڑکے شامل ہیں، افسوسناک واقعہ کے بعد علاقے میں قیامت صغریٰ کے مناظر دیکھنے میں آئے، علاقے میں کہرام مچ گیا، جاں بحق بچوں کے والدین چیخ و پکار کرتے رہے، ہر آنکھ اشکبار ہوگئی، پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔ ضلع سکھر کی تحصیل صالح پٹ کے گاؤں غلام سرور شنبانی میں اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب ایک شخص سموں بھنبھرو کے گھر کی دیوار اچانک وہاں کھیلتے ہوئے بچوں پر آگری، جس کے نتیجے میں دیوار کے ملبے تلے دب کر 9بچے جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونیوالوں میں 7 سالہ رخسانہ، 4سالہ یعقوب، 12سالہ گڈی، 4سالہ زلفت، 12سالہ رخسانہ، 9سالہ غلام اکبر، 6سالہ منظوراں، 4سالہ ستارا ں، 2 سالہ دلشاد شامل ہیں۔ جبکہ حادثے میں 9سالہ سخی ڈنو اور 12 سالہ رضیہ زخمی ہوئے، جنہیں تشویشناک حالت میں متعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ حادثے کے وقت اہل خانہ قریبی کھیتوں میں کام کرنے گئے تھے جبکہ اس گھر میں 3سے زائد فیملیاں مقیم ہیں، گھر کی دیوار ایک عرصے سے خستہ حال تھی، مذکورہ دیوار تلے معصوم بچے کھیل رہے تھے کہ اچانک دیوار گرگئی، جس کے ملبے تلے دب کر معصوم بچے زندگی کی بازیاں ہارگئے، جاں بحق ہونیوالے بچوں میں 6لڑکیاں اور 3لڑکے شامل ہیں۔

تازہ ترین