• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زینب کے قاتل عمران کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زینب قتل کیس کےمجرم عمران کےبلیک وارنٹ جاری کرتے ہوئے 17 اکتوبر کو پھانسی دینے کا حکم دے دیا۔

قصور کی 7 سالہ زینب کے اغوا، زیادتی اور بہیمانہ قتل کے مجرم عمران کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی۔

مجرم کو زینب قتل کیس میں 21 مرتبہ سزائے موت،عمرقید اورجرمانوں کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

واضح رہے رواں برس کے آغاز میں پنجاب کے ضلع قصور سے اغواء کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، جس کی لاش 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

زینب کے قتل کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

بعدازاں چیف جسٹس پاکستان نے واقعے کا از خود نوٹس لیا اور پولیس کو جلد از جلد قاتل کی گرفتاری کا حکم دیا۔

23 جنوری کو پولیس نے زینب سمیت قصور کی 8 بچیوں سے زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم عمران کی گرفتاری کا دعویٰ کیا۔

تازہ ترین