• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ہاکی ٹیم کا اعلان،پانچ تبدیلیاں، رضوان کپتان برقرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لئے سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کی مشاورت سے رضوان سینئر کو ہی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، جمعے کو ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں دو روزہ ٹرائلز کے بعدچیف سلیکٹراصلاح الدین اور منیجر و ہیڈ کوچ حسن سردار نے ٹیم کا اعلان کیا۔ عماد شکیل بٹ نائب کپتان ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ ،عرفان سینئر، علیم بلال، مبشر علی ، محمد توثیق ، تصور عباس، اعجاز احمد، عرفان جونئیر، علی شان، مظہر عباس، رضوان جونئیر، فیصل قادر ، ابوبکر، عمربھٹہ، محمد عتیق اور محمد زبیر شامل ہیں، ایشین گیمز میں شرکت کرنے والی ٹیم سے پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں ، شفقت رسول، راشد محمود، امجد علی، جنید منظور اور دلبر حسین کے انتخاب پر غور نہیں ہوا۔ ٹیم پندرہ اکتوبر کو مسقط روانہ ہوگی، ایشین چیمپئنز ٹرافی 18سے 28 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔ روایتی حریف و دفاعی چیمپئن بھارت سے 22 اکتوبر کومقابلہ ہوگا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہیڈ کوچ حسن سردار نے کہا کہ ٹورنامنٹ آسان نہیں ہوگا، ہمارا ہدف بھارت کو ہرانا ہوگا، ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ ہمارا ٹارگٹ 2020 کے اولمپکس ہیں۔ایشین ٹرافی کےلیےکوچ کا فیصلہ نہیں ہوسکا، ہیڈ کوچ حسن سردار کی معاونت اسسٹنٹ کوچ محمد ثقلین اور ریحان بٹ کریں گے، خواجہ روحیل بٹ ٹرینر، وقاص محمود فزیو اورندیم لودھی ویڈیو انالسٹ ہونگے۔
تازہ ترین