سانگھڑ(نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات خطرناک رخ پر جاررہے ہیں، سیاسی طور پر ایم کیو ایم والے متنازعہ اور فاروق ستار ہر جگہ سے ختم ہوچکے ہیں ۔ وہ گوٹھ الطاف حسین رند میں چیئرمین ضلع کائونسل سانگھڑ کے چیئرمین خادم حسین رند کی رہائیش گاہ پر انکے والد مرحوم الطاف حسین رند کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی حالات خطرناک ہیں، سابقہ حکومت کی کارکردگی بھی اتنی اچھی نہیں تھی، ڈیڑھ ماہ میں28 ہزار بلین قرضے 36 ہزار بلین ہوگیے خودکشی کی باتیں کرنے والے آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا سمیت دیگر ڈیمز بھی بننے چاہیں، ڈیمز کی تعمیر کیلئے غیر سنجیدہ رویہ ہے، بھاشا ڈیم کی تعمیر کا خرچ 14 بلین ڈالر ہے ریکوری اور چندے سے فقط 0.3 فی صد ملا ہے، ڈیم ایسے نہیں بنتے چیف صاحب کی ڈائریکشن پر عمل ہوتا ہے چیف صاحب پی ایس ڈی پی کا 15 فی صد مختص کرنے کیلے ڈائریکشن دیں۔ انہوں نے کہا کہ سندہ چشمہ کینال کے معاملہ پر ہر سطح پر احتجاج کا حق رکھتا ہے۔