چمن + کوئٹہ(آن لائن) پاک افغان سرحدی علاقے میں پاکستانی فورسز کی جانب سے باڑ لگانے کے دوران افغان فورسز کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،جس کے بعد باب دوستی گیٹ کو ہر قسم کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا۔ تنگہ درہ میں باڑ لگانے سے روکنے کی کوشش کی گئی،پاک افغان افسروں کے درمیان مذاکرات بھی ناکام، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور نیٹو سپلائی بھی بند کردی گئی ہے،افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور نیٹو سپلائی بھی بند ہو گئی۔ حالات کشیدہ ہونے پرپاک افغان سرحد پر بھاری سیکورٹی تعینات کردی گئی، گذشتہ کئی ماہ سے پاک افغان سرحد پر پاکستان کی جانب سے باڑ لگانے پر افغان فورسز اور پاکستانی فورسز کے درمیان تنازع چلا آرہا تھا جس پر کئی مرتبہ سیکورٹی کے حوالے سے مذاکرت ہوئے جو ناکام ثابت ہوئے ۔ اتوار کو پاک افغان سرحد ی علاقے تنگہ درہ میں پاکستانی فورسز کی جانب سے باڑ لگانے کا کام جاری تھا کہ افغان فورسزنے پاکستانی فورسز کو باڑ لگانے سے روکنے کی کوشش کی جس پر دونوں فورسز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا ،بعدازں پاک افغان سرحد پر افغان اور پاکستانی اعلیٰ افسروں کے درمیان مذاکرات ہوئے، تاہم ناکام ہونے کے بعد افغان فورسز نے پاک افغان سرحد کو ہر قسم کی آمد ورفت کیلئے بند کردیا ۔ اور سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ باب دوستی گیٹ کی بندش سے دونوں اطراف لوگ پھنس گئے ۔