لاہور( این این آئی )سپریم کورٹ نے عدالتی احکامات پر ایل ڈی اے کی جانب سے پٹرول پمپس سیل کرنے کیخلاف ملازمین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دئیے ہیں کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی‘کسی کی ایک مہینے ،ایک دن اور ایک گھنٹے کی تنخواہ بھی نہیں رکے گی‘ پٹرول پمپس سیل کرتے وقت ملازمین کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پٹرول پمپس سیل ہونے کی وجہ سے ملازمین کی بیروزگاری اور تنخواہ نہ ملنے کیخلاف درخواست کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے تمام ملازمین کی لسٹ مرتب کرنے اوررپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ آپ کی روزی روٹی کا کوئی بندوبست کرتے ہیں ۔ملازمین نے موقف اپنایا کہ پٹرول پمپس سیل ہونے سے ہماری روزی روٹی بند ہو جائے گی۔ استدعا ہے کہ عدالت پٹرول پمپس سیل کرنے کا حکم واپس لے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر پٹرول پمپس سیل کرنے کا حکم واپس لے لیا تو آپ سے زیادہ فائدہ مالکان کو ہو گا۔