اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیہی علاقہ بارہ کہو میں واقع کورنگ نالے کے اطراف رہائشیوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ میں کہا ہے کہ ہم لوگ قابضین نہیں ہیں۔ تحصیل آفس سے رجسٹری اور انتقال کے حصول کے بعد گھروں کی تعمیر کی ہے ،لہٰذا انتظامیہ کے آپریشن کرنے سے پہلے ایک مرتبہ ہماری اپیل سنی جائے۔ بارہ کہو کورنگ نالے کے اطراف رہائشیوں کے ایک وفد نے بتایا کہ کورنگ نالے کے اطراف حذیفہ کالونی میں 200 سے زائد مکانات ہیں جن میں سینکڑوں فیملیز گزشتہ 30 سال سے قیام پذیر ہیں، انہوں نے بتایا کہ گھر کی تعمیر سے پہلے رقبہ کے مالک سے جگہ خریدی تھی جس کے بعد تحصیل آفس سے رجسٹری اور انتقال کے حصول کے بعد گھر کی تعمیر کا آغاز کیا تھا، تین دہائیوں سے ہم یہاں قیام پذیر ہیں، ہمارے گھر کے آگے سے جو کورنگ نالہ گزر رہا ہے اس کی چوڑائی بھی 300 فٹ سے زیادہ ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ابھی نالہ کے اطراف مکانات میں سینکڑوں فیملیز قیام پذیر ہیں اگر آپریشن کر کے ان کے گھر گرا دیئے گئے تو وہ تمام بے گھر ہو جائیں گئے۔ انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک مرتبہ وفد کی اپیل سن لیں تاکہ سینکڑوں فیملیز کو بے گھر ہونے سے بچایا جا سکے۔