• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جڑواں فن کار بہنیں ’’ایمن خان اور منال خان‘‘

پاکستان میں جب مختلف ٹیلی ویژن چینلز نے اپنی نشریات کا آغاز کیاتو ان کے مارننگ شوز کے بہت چرچے ہوئے۔ کئی برس بعد اب ان کی مقبولیت میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے۔ ان شوز میں کئی نئے فن کار بھی متعارف ہوئے۔ ایسا لگتا ہے کہ کچھ فن کار تو مارننگ شوز کے لیے مختص ہو کر رہ گئے ہیں اور کچھ فن کار ایسے بھی ہیں، جنہوں نےان میں شرکت کرنے کے بعد ٹی وی ڈراموں میں اپنی علیحدہ پہچان بنائی۔ فلموں میں ہم نے جڑواں بہنوں کو بہت دیکھا اور ان گنت فلمیں ان پر بنائی گئیں، ایسا بہت کم دیکھنے میں آیا کہ عام زندگی میں نظر آنے والی ہم شکل اور جڑواں بہنوں نے اداکاری کے میدان میں بھی خود کو منوایا۔ تو ہم ذکر کررہے تھے،مارننگ شوز کا، ان شوز میں جب دو جڑواں بہنوں نے شرکت کرنا شروع کی، تو وہ ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ ان ہم شکل فن کار بہنوں کا نام ایمن خان اور منال خان ہے۔ آج کل وہ ٹیلی ویژن ڈراموں کی شوٹنگز میں بےحد مصروف ہیں۔ دونوں بہنوں نے اب تک درجنوں ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے اور یہ سلسلہ اب بھی برق رفتاری سے جاری و ساری ہے۔ 

ان جڑواں بہنوں میں ایمن خان نے زیادہ ڈراموں میں کام کیا، ان کے قابلِ ذکر ٹیلی وژن ڈراموں میں محبت جائے بھاڑ میں، میری بیٹی، من کے موتی ،ڈائجسٹ رائٹر، بے قصور ، من مائل، اس خاموشی کا مطلب ،خالی ہاتھ، گھر تتلی کا پر ،عشق تماشا ،بے دردی، آبگینے اور جیو اور ٹی این آئی پروڈکشن کا مقبول ڈراما ’’ہری ہری چوڑیاں‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔ ایمن خان فلموں میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں، ایمن خان کا کہنا ہے کہ’’ ہم دونوں بہنوں کے درمیان میں کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ ایک دوسرے کے بغیر خود کو ادھورا سمجھتے ہیں۔ میرے دو بھائی بھی جڑواں ہیں۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ ہم زندگی کے اہم مواقع پر اکھٹے ہوتے ہیں۔ظاہر ہے ہماری سالگرہ کا دن بھی ایک ہے، اس لیے منال اور میرے شو بزنس کے دوست اور فیملی ہماری سالگرہ شان دار انداز میں مناتے ہیں۔ ہمیں شوبزنس میں بہت عزت ملی۔ سب نے تعاون کیا تو ہم نے زیادہ اعتماد سے کام کیا۔ ہمیں والدین کی سرپرستی بھی حاصل رہی ہے۔‘‘

ایمن کی طرح منال خان نے بھی14برس کی عمر میں شو بزنس کی دُنیا میں قدم رکھ دیا تھا، انہوں نے مارننگ شوز، ٹی وی کمرشل اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کے قابل ذکر ٹی وی ڈراموں میں قدوسی صاحب کی بیوہ، ادھوری عورت، میرے مہرباں، گلہ کس سے کریں، جورو کا غلام، ہم سب عجیب سے ہیں، سُن یارا ،پرچھائیں ، دل نواز،کی جاناں میں کون، اور آج کل وہ نعمان اعجاز اور سنیتا مارشل کے ساتھ ڈراما سیریل گھمنڈ میں جم کر اداکاری کر رہی ہیں۔ منال خان کا کہنا ہے کہ والد صاحب نے ہمیں بہت سپورٹ کیا ،ہم شکل ہونے کی وجہ سے ہم دونوں بہنوں کو میڈیا شوبزنس میں بہت جلد توجہ حاصل ہو گئی تھی۔ ناظرین نے ہمیں چھوٹی اسکرین پر بہت پسند کیا اور اب ہم دونوں سے بہت فرمائشں کی جاتی ہے کہ فلموں میں کب نظر آئیں گی۔ ہم دونوں بہنیں اچھے اسکرپٹ کی تلاش میں ہیں، جیسے ہی اچھی ٹیم کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی، تو سلور اسکرین پر بھی عمدہ کام کرنے کی کوشش کریں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین