سکھر (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے 2نئی مسافر ٹرینوں کا افتتاح کردیا، موئن جو دڑو ایکسپریس روہڑی سے کوٹری اور روہی ایکسپریس سکھر سے خانپور کٹورہ تک جائیگی۔ موہن جو دڑو روہڑی سے براستہ حبیب کوٹ، لاڑکانہ، دادو، سہون سے ہوتی ہوئی کوٹری جائیگی جبکہ روہی ایکسپریس براستہ پنوعاقل، گھوٹکی، صادق آباد، رحیم یار خان سے ہوتی ہوئی خانپور جائیگی۔ نئی ٹرینیں چلنے سے اندرون سندھ و پنجاب کے مختلف چھوٹے و بڑے شہروں میں جانیوالے افراد کو سفر کی سستی سہولیات میسر آئیگی، لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ٹرینوں کے افتتاح کے بعد وفاقی وزیر شیخ رشید احمد خانپور جانیوالی نئی ٹرین روہی ایکسپریس میں سوار ہوکر روہڑی ریلوے اسٹیشن پہنچے، اسٹالوں کا معائنہ کیا، کھانے پینے کی اشیاء کا معیار چیک کیا، اس موقع پر شیخ رشید احمد نے روہڑی اسٹیشن پر ایک نیا پلیٹ فارم تعمیر کرنے اور روہڑی اسٹیشن کی تزئین و آرائش کے لئے 15کروڑ روپے دینے اور ہر 2ماہ بعد سکھر آنے کا اعلان کیا۔