سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے ایک بیان میں کہا کہ ترجیحی سلوک ہمیشہ سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ کیاگیا۔
سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ پرویز مشرف کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے کمیشن قائم کرنے کے حکم کی کہیں نظیر نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ خصوصی عدالت کا حکم شق 342 سے متصادم ہے، قانون میں ایسی سہولت ملزم کو نہیں صرف گواہ کو دی جاتی ہے۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ ایسا ترجیحی سلوک آئین کےآرٹیکل 10اے کی خلاف ورزی ہے، یہ ترجیحی سلوک ہمیشہ پرویز مشرف کے ساتھ کیا گیا ۔
ان کا یہ بھی کہناتھاکہ اکبر بگٹی قتل کیس میں بھی پرویز مشرف کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیے بغیر بری کیا گیا،ایسا دوہرا معیار قانون کی حکمرانی کے تصور کے لیے نقصان دہ ہے۔