راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) پنجاب حکومت نے عوامی اہمیت کے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے رواں مالی سال کے بجٹ میں زمین کی خریداری اور پی سی ٹو کیلئے6120 ملین روپے مختص کر دیئے ہیں ، 6ہزار ملین روپے زمین کی ایکوزیشن اور 120ملین روپے پی سی ٹو کیلئے ہونگے ، آرڈی اے حکام کے مطابق قدیر خان روڈ، ڈرائی پورٹ روڈ اور سرور روڈ کیلئے منصوبوں کیلئے بھی تقریباً 500ملین روپے مختص کئے گئے ہیں تاہم نالہ لئی اور عمار چوک منصوبہ کیلئے کسی قسم کی رقم مختص نہیں کی گئی ۔پاکستان میں موجود ایشین انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بنک کے مشن نے بدھ کے روز بھی راولپنڈی رنگ روڈ مجوزہ منصوبہ کے بارے میں متعلقہ محکموں سے بریفنگ لینے کا سلسلہ جاری رکھا، مشن کے حکام نے اکنامک افیئر ڈویژن میں سیکرٹری اسلم چوہدری سے بھی ملاقات کی ، ان کے ہمراہ آرڈی اے کے حکام بھی موجود تھے ، انوائرمنٹل پلاننگ کے حکام نے بھی منصوبے کے گرد گرین بیلٹس بنانے پر زور دیا۔ واضح رہے کہ اس منصوبہ کی تکمیل کی صورت میں روزانہ ہزاروں گاڑیاں جڑواں شہروں کے اندر داخل ہوئے بغیر ہی دوسرے شہروں میں جایا کرینگی۔