• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہری پور میں صحافی کے قتل کیخلاف آرآئی یوجے کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار)ہری پور میں صحافی کے قتل کیخلاف راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی قیادت میں نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مطالبہ کیا کہ سہیل خان کے قتل کی ایف آئی آر میں انسداد دہشتگردی کی دفعہ شامل اور قاتلوں کوگرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، افضل بٹ نے کہا پاکستان میں آج تک ایک سو بیس سے زائد صحافیوں کو ٹارگٹ کلنگ میں قتل کیاگیا ہمارا ہر حکومت سے مطالبہ رہا ہے کہ صحافیوں کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے ،تحقیقات کی جائیں کہ صحافیوں کو کن وجوہات کی بنا پر نشانہ بنایا جاتا ہے،آزادی صحافت اور ظلم کیخلاف بولنے والوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ریاست کو اپنا فرض ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل تیار کریں گے،مقتول صحافی کے لواحقین سے تعزیت کیلئے پی ایف یو جے کا وفد عنقریب ملاقات کریگا،آر آئی یو جے کےصدر اصغر چودھری نے کہا قتل ہونیوالے صحافیوں کے لواحقین تنگدستی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں گزشتہ حکومت میں وفاقی اطلاعات و نشریات نے دس لاکھ امداد کا اعلان تو کیا مگر رقم نہیں دی گئی، صحافی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھانے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، آر آئی یو جےکےمبارک زیب نے کہا صحافیوں کے تحفظ کیلئے ہمیں مسلسل جدوجہداور صحافی کے قتل میں مقامی پولیس کی عدم دلچسپی پر آواز اٹھانا ہوگی،آر آئی یو جے کے سیکرٹری علی رضا علوی نے کہا صحافیوں کے تحفظ کیلئے آر آئی یو جے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔
تازہ ترین