• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، الیکشن سے 2 دن قبل فائرنگ، قندھار پولیس چیف اور انٹیلی جنس سربراہ ہلاک، امریکی کمانڈر بال بال بچ گیا

کابل، اسلام آباد، راولپنڈی(خبرایجنسیاں) افغانستان میں پارلیمانی الیکشن سے قبل قندھار میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد صوبائی گورنر کےمبینہ ذاتی محافظ کی فائرنگ سے صوبائی پولیس چیف جنرل عبد الرازق اور خفیہ ایجنسی کے مقامی سربراہ عبدالمومن اور ایک فوٹو گرافر ہلاک ہو گئے، حملے میں 2امریکیوں اور صوبائی گورنرزلمے ویسا سمیت 13افراد زخمی ہیں جبکہ افغانستان میں تعینات امریکی کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر حملے میں بال بال بچ گئے،حملہ اس وقت ہوا جب حکام گورنر ہائوس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد ہیلی پیڈ کی جانب جا رہے تھے،طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی، ادھر وزیراعظم عمران خان نے قندھار واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہےکہ امن و امان کیلئے افغانستان کے عوام اور فورسز نے بھاری قیمت ادا کی جبکہ آرمی چیف نے بھی اظہار افسوس کے ساتھ کہا کہ افغانستان میں امن خطہ میں امن کیلئے ناگزیر ہے،دوسر ی جانب دفتر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیاکہ افغان پارلیمانی انتخابات پرامن ہوں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب افغان اور امریکی حکام گورنر ہائوس سے ہیلی پیڈ کی جانب جا رہے تھے،مقامی ذرائع کے مطابق حملہ صوبائی گورنر کے ایک ذاتی محافظ نے کیا تاہم اس حوالے سے افغان حکام کی جانب سے کسی قسم کی تصدیق نہیں کی گئی، حملے میں صوبائی پولیس چیف جنرل عبدالرازق ، افغان خفیہ ایجنسی کا مقامی چیف عبد المومن ہلاک اور ایک فوٹو گرافر ہلاک ہوگئے، میڈیا رپورٹس کےمطابق صوبائی گورنر کا امریکی ملٹری اسپتال میں علاج آپریشن ہوگیا ہے اور وہ اب خیریت سے ہیں۔

تازہ ترین