اسلام آباد(اے پی پی‘جنگ نیوز) سپریم کورٹ نے تھرکول منصوبے میں گیسی فکیشن سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کی تحقیقات نیب کے سپرد کردیں۔جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تھرکول پاور پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عدالت نے آڈیٹر جنرل کو تھرکول منصوبےکے فارنزک آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے 15 دن کے اندر رپورٹ طلب کرلی جبکہ چیف سیکرٹری سندھ کو منصوبے سے متعلق تمام مشینری قبضے میں لینے کی ہدایت کی ۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا دیکھا جائے اس منصوبے میں کرپشن تو نہیں ہوئی‘ منصوبے پر اربوں روپے خرچ ہوگئے مگر 3میگاواٹ بجلی بھی نہیں ملی‘ عدالت نے منصوبے کے چیئرمین ڈاکٹرثمرمبارک مند کی بھی سرزنش کی ۔