لندن(رپورٹ:مرتضیٰ علی شاہ)پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستانی حکام کی جانب سے اپنا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کرنے کے بارے میں لندن کے ہوم آفس جاکر برطانوی حکام کو آگاہ کر دیا۔ انہیں اپنے پاسپورٹ کی منسوخی کا میڈیا رپورٹس سے علم ہوا۔ جس میں6ستمبر2018کو وزارت امور خارجہ کا ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو تحریر کردہ خط افشاء ہوا۔ جس میں ان کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ قبل ازیں یہ بھی اطلاع تھی کہ وزارت داخلہ نے اسحاق ڈار کا پاسپورٹ ’’بلاک‘‘ کئے جانے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کو آگاہ کردیا تھا۔ ان حالات کے تحت قانون کے مطابق اسحاق ڈار کو اپنے پاسپورٹ کی منسوخی سے برطانوی ہوم آفس سے رجوع کرنا اور آگاہ کرنا لازمی تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے اپنی میڈیکل رپورٹس وغیرہ ہوم آفس میں پیش کیں۔ ایک میڈیا چینل نے خبر دی تھی کہ اسحاق ڈار برطانیہ میں پناہ کی درخواست دینے ہوم آفس گئے بلکہ وہ اپنی بے وطن صورتحال سے آگاہ کرنے وہاں گئے تھے۔