• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پالک غذائیت اور لذت سے بھرپور ہر موسم کی سبزی

پالک غذائیت اور لذت سے بھرپور سبزی ہے جس کے بے شمار فوائد ہیں۔ اس میں موجود وٹامن کے، وٹامن اے، میگنیشیم، فولیٹ، مینگینز، آئرن کیلشیم، پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن بی2اور وٹامن بی،پروٹین، فاسفورس، وٹامن ای، جست، ریشہ اور تانبا کے اجزاء انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں۔یہ ہر موسم میں دستیاب اور ہمارے ہاں خاص پسند کی جانے والی سبزی ہے۔شادی بیاہ کی تقریبات میں بھی اکثر پالک گوشت اور پلاؤ کو ترجیح دی جاتی ہے۔ماہرین کے مطابق پالک درجن بھر مرکبات کا مجموعہ ہے، جو کینسر سے بچاؤ،جسم سے اضافی چربی کے اخراج ، آنکھوں کی بیماریوں ، ہڈیوں کی مضبوطی اور معدے کے امراض میں مفید ہے۔ذیل میںپالک سے بنائے جانے والے چند لذیذ کھانوں کی تراکیب پیش خدمت ہے۔

پالک بوندا کڑہی

اجزاء۔

پالک۔دو سو پچاس گرام

کاٹیج چیز۔سو گرام

کالی مرچ۔حسب ذائقہ

بیسن۔چارکھانے کے چمچ

تیل۔برائے فرائنگ

نمک۔حسب ذائقہ

(برائے کڑہی)

کھٹا دہی۔دو سو پچاس گرام

بیسن۔تین کھانے کے چمچ

پیاز ۔ایک عدد

زیرہ۔آدھا چائے کا چمچ

ادرک۔ایک انچ کا ٹکڑا ( کاٹ لیں)

رائی دانہ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ہری مرچ۔ایک سے دو

میتھی دانہ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

سرخ مرچ پائوڈر۔آدھا چائے کا چمچ

نمک۔حسب ذائقہ

ہلدی پائوڈر۔ایک چائے کا چمچ

تیل۔دو کھانے کے چمچ

دھنیا پائوڈر۔ایک چائے کا چمچ

ہرا دھنیا ۔تھوڑا سا(کٹا ہوا)

ترکیب(برائے پالک)۔

کٹی ہوئی پالک، بیسن ایک کھانے کا چمچ تیل ، نمک اور کالی مرچ کو ملا لیں۔ کاٹیج چیز کو میش کر لیں اور ہلکا سا نمک اور کالی مرچ ملا دیں۔ چیز کے مکسچر سے آٹھ سے دس گولے بنا لیں۔ چیز کا ایک گولہ لیں۔ اس پر پالک مکسچر کی تہہ چڑھا لیں اور تیل میں ڈیپ فرائی کریں حتٰی کہ ہلکا برائون ہو جائے۔ تمام بوندے (گولے) اسی طرح فرائی کر لیں اور انہیں ایک طرف رکھ دیں۔

ترکیب(برائے کڑہی)۔

دہی اور بیسن کو مکس کر لیں۔ تین سے چار کپ پانی ملا دیں اور اچھی طرح پھینٹ لیں۔ ایک پتیلی میں تیل گرم کرلیں اس میں ہینگ، زیرہ، رائی، میتھی دانہ فرائی کریں۔یہاں تک کہ وہ کڑکڑانےلگے۔ اب اس میں پیاز، ادرک اور ہری مرچیں ملا دیں اور اس وقت تک چمچ چلاتی رہیں کہ وہ گولڈن ہو جائے۔ پھر اس میں مرچ، ہلدی اور پسا ہوا دھنیا ملا دیں اور چند سیکنڈ تک فرائی کریں ۔ اب اس میں دہی کا مکسچر اور نمک ملا دیں اوراس دوران مسلسل چمچ چلاتی رہیں۔ ہلکی آنچ پر آٹھ سے دس منٹ تک ابلنے دیں۔ پالک بوندا ملا دیں اور مزید چند منٹ تک پکائیں۔ ہرے دھنیے کے پتے اور گرم مصالحہ چھڑک دیں۔تیار ہونے پرروٹی یا چاول کے ساتھ گرما گرم سرو کریں۔

پالک پنیر کے کوفتے

( ٹماٹر گریوی میں)

اجزاء ۔

پالک۔چھ سو گرام

ہری مرچ۔چار عدد

لہسن۔آٹھ جوئے

کارن فلور۔تین کھانے کے چمچ

نمک۔حسب ذائقہ

پنیر۔ایک سو پچیس گرام

ٹماٹر ۔گریوی کے لئے

مکھن۔تین کھانے کے چمچ

لونگ۔6عدد

چھوٹی الائچی۔4عدد

تیز پات۔4 عدد

ادرک پیسٹ۔ایک کھانے کا چمچ

لہسن کا پیسٹ۔ایک کھانے کا چمچ

ٹماٹو پیوری۔دو کپ

سرخ مرچ پائوڈر۔ایک کھانے کا چمچ

شکر۔تین کھانے کے چمچ

قصوری میتھی۔آدھا چائے کا چمچ

فریش کریم۔ایک کپ

نمک۔حسب ذائقہ

ہرا دھنیا کترا ہوا۔دو کھانے کے چمچ

گرم مصالحہ پائوڈر۔آدھا چائے کا چمچ

کوکنگ آئل۔ڈیپ فرائی کے لئے

ترکیب۔

پالک کو اچھی طرح دھو کر گرم پانی میں ابالیں اور ٹھنڈے پانی میں ڈال کر کچھ دیر بعد پانی نتھار لیں۔ پالک اور آدھی ہری مرچوں کو اچھی طرح چوپ کر کے اس میں نمک، چوپ کیا ہوا لہسن اور کارن فلور اچھی طرح ملائیں اور اس آمیزے کے بارہ حصے برابرکر لیں پنیر کو کدوکش کر کے اس میں نمک ملائیں اور اچھی طرح گوندھنے کے بعد بارہ گولیاں بنا لیں۔ اب پالک کا ایک ایک حصہ اپنے ہاتھ کی ہتھیلی پر رکھ کر اس میں پنیر کی گولیاں رکھ کر کوفتوں کی شکل دے دیں۔ مناسب گرم تیل میں ان کوفتوں کو پانچ منٹ تک تلیں اور نکال کر ایک طرف رکھ لیں۔ ایک برتن میں مکھن گرم کر کے اس میں تمام ثابت گرم مصالحہ شامل کریں اور جب یہ چٹخنے لگے تو ادرک و لہسن کا پیسٹ اور باقی ہری مرچیں ڈال کر دو منٹ تک بھونیں۔ ٹماٹر پیوری ڈال کر سرخ مرچ پائوڈر، گرم مصالحہ پائوڈر اور نمک بھی شامل کریں اور ایک کپ پانی ڈال کر پکنے دیں۔ ابال آنے پر آنچ ہلکی کر کے دس منٹ تک پکائیں۔پھر شکر، قصوری میتھی اور فریش کریم کی آمیزش کے بعد اس گریوی کےاوپر کوفتے درمیان سے دو حصے کر کے رکھ دیں مگر مزید نہ پکائیں کیونکہ کوفتے ٹوٹ جائیں گے۔

پالک کریم کباب

اجزاء۔

پالک۔ایک کلو

لہسن۔پانچ سے چھ عدد

ہری مرچ۔پانچ سے چھ عدد

گرم مصالحہ پائوڈر۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ادرک پیسٹ۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔ایک چائے کا چمچ

فلنگ کے لئے

کریم چیز۔تین اونس

کالی مرچ پائوڈر۔آدھا چائے کا چمچ

ہری مرچ ۔ دو عدد(کٹی ہوئی)

نمک۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

گاجر۔ایک عدد کٹی ہوئی

ہری پیاز ۔آدھا کپ

بریڈ کرمز۔آدھا کپ

تیل۔حسب ضرورت

ترکیب۔

پالک میں نمک، لہسن، ہری مرچ، گرم مصالحہ، ادرک ڈال کر بھاپ میں گلا لیں اور پیس لیں۔ اب اس میں بریڈ کرمز ملائیں۔ تھوڑی دیر فریج میں رکھ دیں۔ اب پالک کی ٹکیاں بنا کر درمیان میں کریم چیز، کالی مرچ پائوڈر، ہری مرچ کٹی ہوئی، نمک، گاجر کٹی ہوئی،ہری پیاز بھریں اور کباب لپیٹ لیں۔ اوپر ہلکا سا بریڈ کرمز لگا کر گہرے تیل میں ہلکی آنچ پر فرائی کریں۔

پالک وڑا

اجزاء۔

پالک کے پتے۔چار کپ

بیسن۔دوکھانے کے چمچ

کھانے کا سوڈا۔آدھا چائے کا چمچ

ہرا دھنیا(چوپ کرلیں)۔دو کھانے کا چمچ

ادرک لہسن۔دو چائے کا چمچ(چوپ کرلیں)

تازہ کریم۔ایک کھانے کا چمچ

پسی سرخ مرچ۔حسب پسند

آٹا۔چار کھانے کے چمچ

سوجی۔دو کھانے کے چمچ

ہلدی۔آدھا چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ۔چار عدد(چوپ کر کے)

سفید زیرہ۔چار عدد

نمک۔حسب ذائقہ

کوکنگ آئل۔دوکھانے کے چمچ

ترکیب۔

باریک کتری ہوئی پالک کی پتیاں اور دیگر تمام اشیاء ایک کھلے منہ کے پیالےمیں ڈال کر ذرا سے پانی کے ساتھ گوندھتے ہوئے پیڑا سا بنا لیں پیڑےکو تین سے چار حصوں میں تقسیم کر کے لمبے رول بنا لیں اور بھاپ کے ذریعے بیس منٹ تک پکائیں۔ ٹھنڈا ہونے پر ہر رول کے سلائس کاٹ لیں اور ہری چٹنی کے ساتھ تناول کریں۔

پالک میتھی چکن

اجزاء۔

چکن۔ آدھا کلو

پالک۔ آدھا کلو

تازہ چھوٹی میتھی۔ چار گٹھی

نمک۔ حسبِ پسند

ادرک لہسن۔ ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)

پیاز۔ ایک عدد (باریک کٹی ہوئی درمیانی)

ٹماٹر۔ ایک عدد (باریک کٹا ہوا درمیانہ)

لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)

سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی ۔آدھا چائے کا چمچ

ہری مرچیں۔ دو سے تین عدد

ہرا دھنیا۔ آدھی گٹھی

آئل ۔آدھی پیالی

ترکیب۔

میتھی کی گٹھیاں کھول کر دس منٹ ٹھنڈے پانی میں بھگو کر رکھیں (اگر اس پانی میں چٹکی بھر ہلدی ڈال دیں تو میتھی کی کڑواہٹ کم ہو جائے گی) پھر باریک کاٹ لیں۔

پالک کی گٹھی کھول کر صاف دھولیں اور ابلتے ہوئے پانی میں دو سے تین منٹ اُبال کر ٹھنڈے پانی میں ڈال دیں۔ پھر پانی سے نتھار کر باریک کاٹ لیں۔

پین میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ گرم کریں اور پیاز کو ہلکا سنہرا فرائی کرلیں۔

اس میں ادرک لہسن، نمک، لال مرچ، زیرہ اور ہلدی ڈال کر دو سے تین منٹ بھونیں۔ پھر چکن کو صاف دھو کر ٹماٹر کے ساتھ ڈالیں اور ڈھک دیں۔ درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ چکن کا اپنا پانی خشک ہو جائے۔

پھر میتھی اور پالک ڈال کر اتنی دیر بھونیں کہ تیل علیحٰد ہ ہو جائے۔

دو سے تین ہری مرچیں اور آدھی گٹھی ہرا دھنیا باریک کاٹ کر چھڑک دیں اور ہلکی آنچ پر پانچ سے سات منٹ دَم پر رکھ دیں۔

سردیوں میں میتھی کی زبردست خوشبو سے مہکتی ہوئی اس ڈِش کو گرم گرم چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔

انڈین پالک کوفتہ پلاؤ

اجزاء۔

کوفتوں کے لیے

پالک۔ ایک عدد (درمیانی گٹھی)

ہری مرچیں ۔چار عدد

لہسن کے جوئے۔ تین عدد

ادرک۔ ایک انچ کا ٹکڑا

دارچینی ۔ دو عدد

لونگ ۔دو عدد

ثابت دھنیا ۔ ایک چائے کا چمچ

بیسن ۔ تین کھانے کے چمچ

بیکنگ سوڈا ۔ چٹکی بھر

چھوٹی الائچی۔ چار عدد

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ تلنے کے لیے

پلاؤ کے لیے

چاول (بھگو دیں)۔ آدھا کلو

پیاز ۔دو عدد (بڑی) (باریک چوپ کرلیں)

آلو۔چار عدد ( درمیانے ) (چھیل کر موٹا کاٹ لیں)

لہسن کے جوے ۔ بارہ عدد (گرائنڈ کرلیں)

ادرک ۔ دو انچ کا ٹکڑا (گرائنڈ کرلیں)

مٹر ۔ دو کپ (ابال لیں)

کاجو۔ ایک کپ

تیز پات۔ دو عدد

چھوٹی الائچی۔ چھ عدد

لونگ ۔ چھ عدد

سیاہ مرچیں۔بارہ سے پندرہ عدد

دارچینی۔ چار عدد

زیرہ ۔ ایک چائے کا چمچ

چینی۔ ایک چائے کا چمچ

نمک ۔ حسب ذائقہ

تیل ۔ حسبِ ضرورت

ترکیب۔

کوفتوں کے لیے

پالک کو دھو کر صاف کر کے ہری مرچوں، ادرک اورلہسن کے ساتھ گرائنڈ کرلیں۔ لونگ،چھوٹی الائچی، دار چینی،ثابت دھنیے کو اکٹھا گرائنڈ کرلیں۔ پسے ہوئے مصالحے، بیسن اور بیکنگ سوڈا کو مکس کرلیں۔ ایک پیالے میں پالک،بیسن اور نمک مکس کریںپھر اس کے کوفتے بنائیں۔

کوفتوں کو گرم تیل میں ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں کرسپی کر کے نکال لیں۔

سوس پین میں تیل گرم کریں۔ اس میں کاجو فرائی کر کے نکال لیں اسی تیل میں آلو شامل کریں گولڈن براؤن کر کے نکال لیں۔ اس میں چینی ڈالیں چینی گولڈن ہوجائے تو پیاز شامل کریں پھر نرم ہوجائیں تو لہسن اور ادرک شامل کر کے بھون لیں۔ ثابت گرم مصالحہ ڈالیں ایک منٹ بھون کر زیرہ، چاول، نمک اور پانی شامل کریں۔

چاول تقریباً پک جائیں تو کوفتے شامل کر کے دم دیں۔ ڈش میں نکال کر گرم گرم فرائی آلو، ابلے مٹراور کاجو سے گارنش کر کے سرو کریں۔

تازہ ترین