• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے بیان سے سیاسی انتقام کی بو آرہی ہے،مریم اورنگزیب

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے بیان سے سیاسی انتقام کی بو آرہی ہے حکومت کی مجموعی کارکردگی ، بجلی و گیس کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ، عوام کے منہ سے نوالا چھیننا ہے-پریس کانفرنس کر کے عوام سے معافی مانگیں کہ آپ نے محض نعرے لگائے تھے اور آپ کی کوئی تیاری نہیں تھی- وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کے پاس صرف اُمید کے خواب ہیں اور صرف اُمید کوئی حکمتِ عملی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی 61 دن کی مجموعی کارکردگی ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ، عوام کے منہ سے نوالا چھیننا ، عوام کے گھروں میں ڈاکہ مارنا ، لوگوں کے روزگار کا قتلِ عام اور صرف رونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کسی بھی کئے ہوئے وعدے کی حکمتِ عملی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب یہ حکومت ہے سرکس نہیں ہے۔ آپ نے ملک کی ترقی کرتی ہوئی معشیت کو بھیک کا کشکول بنا کر رکھ دیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمان پر حملہ اور لعنت بھیجنے والے وزیراعظم کو حزبِ اختلاف اور پارلیمانی روایات کی اہمیت کا اندازہ نہیں ہو سکتا - عمران صاحب آپ چور چور اور ڈاکو ڈاکو کا جتنا شور مچا لیں ہم آپ کو عوام کے گھروں میں اتنی آسانی سے ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے -
تازہ ترین