سکھر(بیورو رپورٹ)چیف ایگزیکٹو سیپکو دلاور حسنین کی ہدایت پر بجلی چوری میں ملوث یا معاونت کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا، سیپکو ترجمان منظور احمد سومرو کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے نصیر آباد میں انڈسٹریل کنکشن چوری کی بجلی سے چلانے والے سیپکو کے لائن سپرنٹنڈنٹ غلام رسول کے خلاف نصیرآباد تھانے میں ایگزیکٹو انجینئر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیاہے، سیپکو ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ لائن سپرنٹنڈنٹ ذاتی طور پر انڈسٹریل کنکشن کا استعمال چوری کی بجلی سے کررہا تھا، مذکورہ کنکشن پر سیپکو کے 7لاکھ روپے کے بقایاجات ہیں ، انہوں نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو دلاور حسنین کی ہدایت پر سکھر، لاڑکانہ اور دادو سرکل میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا ہے، آپریشن میں سیپکو کو رینجرز کی خدمات بھی حاصل ہیں، تمام سرکل کے افسران کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ بجلی کی چوری کی روک تھام اور بقایاجات کی وصولی کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔