جسٹس محمد انوارالحق نے بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے فاضل چیف جسٹس سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد انوارالحق نے لاہور ہائی کورٹ کے 47 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی سادہ اور پُروقار تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار، لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان، صوبائی وزراء نے شرکت کی۔
پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسو سی ایشن کے صدور و دیگر عہدیداروں سمیت سینئر وکلاء، وفاقی و صوبائی لاء افسران، سول و عسکری افسران اور اعلیٰ حکام نے بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد یاور علی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو گئے ہیں۔