کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے ایڈووکیٹ فداحسین شر کیخلاف بے بنیاد مقدمہ درج کرنے اور یقین دہانی کے باوجود مقدمہ واپس نہ لیے جانے کے خلاف آج ہڑتال اور عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ، اس بات کا اعلان کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ ایڈوکیٹ نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر نجم الدین مینگل ایڈووکیٹ ، خلیل پانیزئی ایڈووکیٹ ، عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ ، کمال شاہ ایڈووکیٹ سمیت و دیگر بھی موجود تھے ، قاری رحمت اللہ نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے وکلاء کے ساتھ مسلسل ناروا سلوک کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ دنوں ایڈووکیٹ فدا حسین شر کیخلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے ، وکلاء کے احتجاج کے بعد ڈی پی او نے مقدمہ ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ میڈیکل رپورٹ میں بھی کچھ ثابت نہ ہوسکا ، مگر تاحال مقدمہ ختم نہیں کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ صحبت پور بار ایسوسی ایشن اور ایڈوکیٹ فدا حسین شر اس موقع پر تنہا نہیں ، ہم ان کیساتھ ہیں اور ایف آئی آر کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا ، انہوں نے ڈی پی او صحبت پور اور آئی جی بلوچستان پولیس سے مطالبہ کیا کہ ایڈووکیٹ فدا حسین شر کیخلاف مقدمہ واپس لیا جائے بصورت دیگر بلوچستان سمیت ملک بھر کے وکلاء اس معاملے کیخلاف احتجاج کرکے سخت لائحہ عمل اپنائیںگے ، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عوامی مفادات کے پیش نظر ہر قسم کا احتجاج ختم کردیا ہے ، تاہم جہاں وکلاء کی عزت نفس پر بات آجائے تو اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریںگے ۔