راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) قائم مقام کمشنرو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ جس طرح محرم الحرام کے دوران شہر میں امن و امان کی خوشگوار فضا کو قائم رکھنے کیلئے سکیورٹی کے جامع انتظامات کئے گئے تھے اسی طرح چہلم پر بھی تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ علماء کرام و دیگر مکاتب فکر ہم آہنگی‘ اتفاق و اتحاد کی فضا کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کریں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ وہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر عمر جہانگیر نے ہدایت کی کہ چہلم جلوس کی سکیورٹی کا فول پروف انتظام کیا جائے‘ میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیاں چہلم کی مجالس اور جلوسوں کے روٹس کیلئے اسٹریٹ لائٹس فنکشنل رکھیں‘ سی سی ٹی وی کیمرے بروقت لگائے جائیں‘ ریسکیو گاڑیاں بھی جلوس کے ہمراہ رہیں اور صفائی و پانی کا بہترین انتظام کیا جائے۔