• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں پر لاٹھی چارج، وزیر اعلیٰ کا نوٹس


کراچی میں پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں کے ممکنہ بے دخلی کے خلاف مظاہرے کے دوران پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا جس کا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لے لیا۔

ایک مرتبہ پھر علاقہ مکینوں نے پاکستان کوارٹرز کے داخلی راستے رکاوٹیں لگا کر بند کر دیے، اس موقع پر پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی پولیس سے ہاتھا پائی ہوئی۔

کراچی: پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں پر لاٹھی چارج، وزیر اعلیٰ کا نوٹس
تصویر: سہیل رفیق

مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کرتے ہوئے، متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا، واٹر کینن کے ذریعے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔

پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے انہیں پیچھے دھکیل دیا اور پاکستان کوارٹر جانے والی سڑک کو خالی کرالیا۔

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ خواتین پولیس اہلکار بھی پاکستان کوارٹرز اور اطراف میں موجود ہیں، بعد میں پولیس اور مظاہرین میں مذاکرات بھی ہوئے۔

مظاہرین کے پتھراؤ کے نتیجے میں 6سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پولیس کے لاٹھی چارج،آنسو گیس شیلنگ اور واٹر کینن کے استعمال سے 10مظاہرین بھی زخمی ہوئے، اس دوران پولیس کی جانب سے ہوائی فائر بھی کیے گئے۔

کراچی: پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں پر لاٹھی چارج، وزیر اعلیٰ کا نوٹس
تصویر: سہیل رفیق

وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے احتجاج کرنے والے رہائشیوں پر پولیس کے لاٹھی چارج، آنسو گیس شیلنگ اور واٹر کینن کے استعمال کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو ٹیلی فون کیا اور علاقے سے پولیس کو فوری واپس بلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ ایسا رویہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔

مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی سے استفسار کیا کہ یہ کیا ہو رہا ہے؟ ختم کریں یہ سب جو عوام کی پریشانی کا باعث ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے اور احتجاج کرنے والوں سے سختی سے نہ نمٹا جائے۔

کراچی: پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں پر لاٹھی چارج، وزیر اعلیٰ کا نوٹس
تصویر: سہیل رفیق

پولیس کی کارروائی روک دی گئی

ایس پی جمشید کوارٹرزشمائل ریاض کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پاکستان کوارٹرز خالی کرانے کے لیے پولیس کی کارروائی روک دی گئی ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی آپریشن روک رہےہیں،فی الحال حکام کی ہدایت پر پاکستان کوارٹرز سے واپس جا رہے ہیں، پاکستان کوارٹرزسےواٹرکینن کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے، دوبارہ احکامات ملنے پر کارروائی کریں گے۔

ایس اپی جمشیدکوارٹرزنے بتایا کہ بغیر اجازت فائر کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر کےاسلحہ ضبط کرلیا گیا ہے جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مظاہرین کے مسلسل پتھراؤ پر پولیس نے جوابی پتھراؤ کیا،ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، گرفتار مظاہرین کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کریں گے۔

کراچی: پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں پر لاٹھی چارج، وزیر اعلیٰ کا نوٹس
پاکستان کوارٹرز کراچی میں پولیس آپریشن کے دوران آنسو گیس شیل لگنے سے ایک دکان میں آگ لگ گئی، جسے ایک شخص بجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔۔۔۔۔۔ تصویر: سہیل رفیق

نشتر روڈ کو ٹریفک کے لیے بند

پاکستان کوارٹر خالی کرانے کے لیے کی گئی پولیس کارروائی کے باعث لسبیلہ سے گارڈن جانے اور آنے والی سٹرک نشتر روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک کو سیکیورٹی کے پیش نظر بند کیا گیا ہے، ٹریفک کو گارڈن ٹینکر چورنگی سے ایم اے جناح روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ، جبکہ لسبیلہ جانے والے ٹریفک کو تین ہٹی سے گرومندر کی جانب موڑ ا گیا۔

واضح ر ہے کہ کراچی میں نشتر روڈ پر واقع پاکستان کوارٹرز کو سپریم کورٹ کے احکامات پر خالی کرایا جا رہا ہے۔

تازہ ترین