ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی میں پاکستان ٹیم آج اپنا چوتھا میچ جاپان کے خلا ف کھیلے گی، گرین شرٹس کی سیمی فائنل میں رسائی یقینی ہو گئی ہے، جبکہ جاپان کو فائنل فور میں جانے کے لیے باقی دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔
مسقط میں جاری ایشین چیمپئنز ٹرافی میں آج گرین شرٹس ایشین گیمز کی گولڈ میڈلسٹ ٹیم جاپان کے مد مقابل ہوں گے۔
ایونٹ میں گرین شرٹس نے کوریا اور اومان کو شکست سے دوچار کیا، البتہ بھارت کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹیم پاکستان کے 3 میچز میں 6 پوائنٹس ہیں اور اس کی سیمی فائنل تک رسائی یقینی ہے، دوسری جانب جاپان کو 3 میچز میں ایک کامیابی ملی ہے اسے بھی فائنل فور میں جانے کے لیے اپنے باقی دونوں میچز جیتنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ بھارت اور ملائشیا کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔