شخصیت کی دلکشی اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے صرف میک اَپ ہی نہیں بلکہ زیورات کا استعمال بھی لازمی سمجھا جاتا ہے۔ تاہم اگر یہی زیورات انسان کی زندگی میں مثبت طور پر اثر انداز ہوں تو ان کی اہمیت دُگنی ہوجاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پیدائش کا مہینہ موافق پتھروں سے متعلق رہنمائی کرتا ہے، پیدائش کے مہینے سے بخوبی پتہ چلایا جاسکتا ہے کہ کون سا پتھر انسانی زندگی اور شخصیت پر بہترین طور پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ پیدائشی مہینے کے حساب سے آپ کے لیے موافق پتھر کون سا ہے۔
جنوری
ماہ جنوری میں پیدا ہونے والے افراد کے لیے ماہرین یاقوت کو موافق پتھر قرار دیتے ہیں۔ یاقوت عام طور پر سرخ رنگ میں زیادہ پایا جاتا ہے اور اس کے گہرے سرخ رنگ کی وجہ سے ہی اسے گارنیٹ کہا جاتا ہے۔ یہ قدرے سخت پتھر ہے،جس کی شناخت کا بہترین طریقہ نیوڈائمیم مقناطیس (Neodymium Megnets) ہے۔ پتھر مقناطیس کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ رشتوں میں بہتری ،کاروبار میں ترقی ،خود اعتمادی کا فروغ اور زندگی میں روشن امید کا قیام اس پتھر کے خواص میں شامل ہے۔
فروری
ماہ فروری میں پیدا ہونے والے افراد کے لیے ماہرین ایمے تھسٹ پتھر کو بہترین قرارددیتے ہیں۔ اس پتھرکو اردو میں کٹیہلایا باقوت جمری کہتے ہیں،جو کہ زیادہ تر گہرے سرخ جبکہ کچھ ممالک میں نیلگوں سرخ رنگ کا بھی پایاجاتا ہے۔ ایمے تھسٹ کی خصوصیات سے متعلق ماہرین کہتے ہیں کہ یہ پتھر انسان میں خود شناسی کا جوہر پیدا کرتا ہے۔ اس کو پہننے سے انسان میں زندگی کی ایک نئی امنگ پیدا ہوتی ہے۔نشے کی عادت چھڑوانے کے لیے بھی اس پتھر کا استعمال بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ پتھر اعصابی تناؤ کا خاتمہ اور طبیعت میں بے چینی کو ختم کرتا ہے۔
مارچ
مارچ کے مہینے میں پیدا ہونے والے افراد کے لیے موافق پتھر بلڈ اسٹون ہے، جو سبز پتھر یا سنگِ ستارہ بھی کہلاتا ہے۔ یہ پتھر اپنے نام کی طرح سرخ نہیں بلکہ سبز ہوتا ہے، البتہ اس پر ایسے دھبے یا نشان موجود ہوتے ہیں جنھیں دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس پر خون کے چھینٹے پڑے ہوں۔ ان دھبوں کے باعث ہی اس پتھر کو بلڈ اسٹون کا نام دیا گیا ہے۔ اس پتھر کی ایک قسم گہرے سرخ رنگ کی بھی ہوتی ہے جبکہ خوف سے نجات،امراض سے شفاء اور جرأت مندی اس پتھر کے خواص میںشامل ہیں۔
اپریل
اپریل میں پیدا ہونے والے افراد کے لیے ماہرین ڈائمنڈ یعنی ہیرا تجویز کرتے ہیں۔ یہ دنیا کا مہنگا، خوبصورت اور انتہائی قیمتی پتھر ہے۔ یہ بے رنگ، بھورے ، گلابی و آسمانی،سفید، مالٹائی اور سرخ رنگ میں پایا جاتا ہے۔ ہیرا زہرہ ستارہ کی نمائندگی کرتا ہے، اس پتھر کا پیدائشی مہینہ اپریل ہے، اس لیےاپریل میں پیدا ہونے والے افراد اسے پہن سکتے ہیں، برج حمل والوں پر یہ پتھر انتہائی سعد اثرات مرتب کرتا ہے۔یہ پتھر مزاج میں مثبت تبدیلی، خوش قسمتی، کامیابی ، شہرت اور خوشحالی لانے کا باعث بنتا ہے۔
مئی
اس ماہ پیدا ہونے والے افراد کوزمرد (emerald) کا پتھر پہنا یا جاسکتا ہے، جو کہ بادشاہوں کا پتھر کہلاتا ہے۔ مصر کی مشہور ملکہ قلوپطرہ اس پتھر کی دیوانی تھی جبکہ مصری بادشاہوں کی تدفین میں یہ پتھر ان کے ساتھ دفن کیا جاتا تھا۔ یہ پتھر سنہری مائل، سبز، دھانی، زردی مائل، سبز کاہی، سیاہی مائل، صابونی اور سفیدی مائل رنگوں میں پایا جاتا ہے۔اس پتھر کا رنگ آنکھوں کی بینائی میں اضافہ کرتا ہے، غصے کو ختم کرتا ہے، دشمن پر رعب ڈالتا اور روحانی تقویت کا باعث بنتا ہے۔
جون
اگر آپ کا ماہِ پیدائش جون ہے تو موتی آپ کے لیے بہترین پتھر ثابت ہوسکتا ہے۔ سفیدرنگ کا موتی شہرت کا سبب بنتا ہے جبکہ نیلا موتی خوش قسمتی لانے کا باعث سمجھا جاتا ہے۔یہ پتھر عام طور پر آٹھ شکلوں میں گول، بیضوی، لمبوتری ، منقش، دائرہ دار، اور کم گولائی والی شکل میں پایا جاتا ہے۔ ماہرین کی رائے کے مطابق یہ پتھر جادو ٹونے، ذہنی تفکرات اور پریشانیوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کے حسن وجمال میں اضافہ اور شخصیت میں کشش پیدا کرتا ہے۔
جولائی
جولائی کے مہینے میں پیدا ہونے والوں کی زندگی میں روبی کا پتھر اہم ہے۔ روبی کو دنیا کا سب سے افضل پتھر گردانا جاتا ہے، اردو میں اس پتھر کو لعل کہتے ہیں۔ یہ پتھر کامیابی اور حفاظت کی نشانی سمجھاجاتا ہے۔ چینی باشندے عمارتوں کی بنیادوں میں روبی پتھر کو دفناتے ہیں۔ان کا خیال ہے کہ اس طرح عمارتیں مضبوط ہوتی ہیں۔
اگست
ماہِ اگست میں پیدا ہونے والے افراد کے لیےPeridot کا پتھر مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ پتھر سبز رنگ کے مختلف شیڈز میں ہوتا ہے اور پاکستان کے علاوہ دیگر ایشیائی ممالک میں بھی پایا جاتا ہے۔اگست کے مہینے میں پیدا ہونے والے افراد کی زندگی میں یہ پتھر مثبت طور پر اثر انداز ہوتا ہے اور اس پتھر کو پہننے والے افراد مشکلات سے نہیں گھبراتے۔
ستمبر
اگر آپ کا پیدائش کا مہینہ ستمبر ہے تو نیلم آپ کے لیے بہترین ہے۔ بازار میں نیلم کی بے شمار ورائٹی ہونے کے سبب اس کی پہچان بے حد ضروری ہے۔ ماہرینِ جواہرات کے مطابق جس نیلم کا رنگ ارغوانی ہوگا اس میںضرور ریشمی عیب ہوگا۔ اگر اس کا رنگ سبزی مائل ہو تو اس میں دودھیا رنگ کی جھلک ضرور دکھائی دے گی۔ یہ پتھر دولت، خوش قسمتی، خوشحالی ،ا ہداف کے حصول اور کامیابی کے لیے مفید ہے۔
اکتوبر
اکتوبر میں پیدا ہونے والے افراد کے لیے دودھیا پتھر (اوپل پتھر) بہترین ثابت ہوسکتا ہے، شیکسپیئر نے اسے جواہرات کی ملکہ قرار دیا تھا۔ اصلی اوپل پتھر کی شناخت یہ بھی ہے کہ اگر اسے روشنی میں رکھا جائے تو یہ اپنے اندر سے شعاعیں خارج کرتا ہے جبکہ یہ صلاحیت نقلی اوپل میں موجود نہیں ہوتی۔ یہ پتھر مختلف رنگوں مثلاً سفید، آسمانی ، سرخ، نارنجی، گلابی، بھورا، سیاہ یا بے رنگ بھی ہوسکتا ہے۔ عام طور پر یہ صحت کا ضامن پتھر ہے۔ یہ ازدواجی زندگی کے لیے بہترین،کامیابی کی علامت اور خود احتسابی کرنے میں مفید ہے ۔
نومبر
نومبر کے مہینے میں پیدا ہونے والے افراد کے لیےپکھراج پتھر بہترین ہے۔ پکھراج مختلف رنگوں میں پایا جاتا ہے، جن میں گہرا سنہری، پیلا اور گلابی پکھراج زیادہ قابل قدر ہیں۔ پکھراج پتھر دماغی طاقت اورہمت کے لیے مفید ہے جبکہ یہ شادی میں آسانی، اولاد اور درازی عمر کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔
دسمبر
اس ماہ پیدا ہونے والے افراد کے لیے فیروزہ بہترین پتھر ہے۔ یہ دنیا کے قدیم ترین پتھروں میں سے ایک ہے، جو عام طور پر تین رنگوں میں پایا جاتا ہے۔ جن میں فیروزی (سب سے اعلیٰ)، سبزی مائل(حسینی) اور نیلا رنگ (رزاقی) شامل ہیں۔ فیروزہ پہننے والے لوگوں کو ذہنی سکون ملتا ہے اور وہ عدم برداشت کا شکار نہیں ہوتے۔