• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے فنڈز مختص کرے،چیف جسٹس

لاہور ( این این آئی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی جانب بھی توجہ دے ، کھیلوں کے فروغ کیلئے فنڈز مختص کرے، فٹ بال کھیلنے والی لڑکیوں کو سہولتیں دیں، ملک میں کھیلوں کے میدان بنائے جائیں تاکہ ان میدانوں میں کھیل کر ہمارے نوجوان ملک کا نام روشن کریں لیکن بدقسمتی سے ہماری فٹ بال فیڈریشن 4سال سے مشکلات کا شکار تھی دوبارہ بحال ہوگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قومی ویمنز فٹ بال چمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملک کی خوشحالی کیلئے سب کو جدوجہد کرنی ہے، حالات جیسے بھی ہوں، مایوسی کو اپنے سامنے رکاوٹ نہ بننے دیں، کھیل سے انسان کو راحت ملتی ہے ، فرد ذہنی طور پر تندرست ہوتا ہے، قوم کی ترقی میں کھیلوں کا اہم کردار ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ ہماری بچیاں بھی کھیلوں کے میدان میں آگے آرہی ہیں، یہی بچیاں ملک کی ترقی میں اہم کردار کرسکتی ہیں۔ آج جب بچیوں کو اسپورٹس میں دیکھتا ہوں، تو میری خوشی کی انتہا نہیں رہتی۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان آرمی نے قومی خواتین فٹ بال چیمپئن شپ جیت لی، فائنل میں فاتح ٹیم نے پاکستان واپڈا کو پنالٹی ککس پر شکست دی، مقررہ وقت تک میچ ایک، ایک گول سے برابر تھا، آرمی کی جانب سے خدیجہ اور واپڈا کی طرف سے جویومن نے اسکور کیا۔
تازہ ترین