• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی کرنا زندگی کا ایک اہم فیصلہ ہے، اس خوبصورت بندھن میں بندھنے والے دونوں افراد ہی اپنے ہم سفر میں وہ تمام خوبیاں دیکھناچاہتے ہیں، جو ایک بہترین جیون ساتھی میں موجود ہوتی ہیں۔ اگر آپ ستاروں یا برجوں میں دلچسپی رکھتے ہیں تو یقیناً اپنے یا اپنے جیون ساتھی کے برج میں پائی جانے والی خوبیوں اور خامیوں سے متعلق باخبر رہنا چاہتے ہوں گے؟ جس طرح زندگی کے دیگر معاملات میں ہم ستاروں کی چال یا برج کے مطابق شخصیت کے عیوب و محاسن پر غور و خوص کرتے ہیں، اسی طرح ہم اس بات کی بھی قیاس آرائی کرسکتے ہیں کہ کس برج سے تعلق رکھنے والی عورت میں بحیثیت بیوی، کون سی خوبیاں اور خامیاں پائی جاتی ہیں۔

برج حمل

برج حمل سے تعلق رکھنے والی عورت خوبصورت،شاندار اور حیرت انگیز شخصیت کی مالک ہوتی ہے۔ وہ محبت کے معاملے میں خاصی مستقل مزاج ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ بار بار محبت کرنے کی قائل نہیں ہوتی۔ بحیثیت بیوی حمل عورت پر ناقابل یقین حد تک بھروسہ کیا جاسکتا ہےلیکن بدلے میں وہ شوہر سے بھی اسی دیانت اور وفا کی امید رکھتی ہے۔برج حمل سے تعلق رکھنے والی خواتین نڈر اور بے باک ہوتی ہے، وہ اپنے شوہر کی خاطربڑی سے بڑی مصیبت سے ٹکرا جاتی ہے۔

برج ثور

امریکی نجومی لنڈا گڈمین لکھتی ہیں،’’ثور عورت حسین اور پرکشش ہوتی ہے، حسن اور محبت کو اس برج سے تعلق رکھنے والے سیارے کی علامت سمجھا جاتاہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ برج ثور سے تعلق رکھنے والی خواتین محبت کرنے والی شریک حیات یا بحیثیت بیوی اچھی ثابت ہوتی ہیں۔ گھر سنبھالنا اور بچوں کی پرورش، ایک ثور بیوی سلیقے سے کرتی ہے۔ کفایت شعاری اس کی بڑی خصوصیات میں سے ایک ہےلیکن ثور عورت زبردستی کی قائل نہیں ہوتی۔ اگر آپ کی بیوی کا تعلق برج ثور سے ہے تو اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے قدم بہ قدم اپنے ساتھ گھسیٹنے کی کوشش نہ کریں‘‘۔

برج جوزا

برج جوزا سے تعلق رکھنے والی خواتین بطور بیوی محبت اور خلوص سے لبریز ہوتی ہیں۔ اگرچہ اس برج سے تعلق رکھنے والی خواتین آزاد فضا کی خواہشمند ہوتی ہیں لیکن بحیثیت بیوی وفادار اور قابل اعتماد ثابت ہوتی ہیں۔ دہرے مزاج کی حامل جوزاعورت بیک وقت مثبت اور منفی خصوصیات کا مجموعہ ہوتی ہے۔ اگر ایک بار جوزا عورت شادی کو نبھانے کا فیصلہ کرلےتو آخری حد تک جانے کو تیار رہتی ہے۔

برج سرطان

برج سرطان سے تعلق رکھنے والی عورت بحیثیت بیوی اور ماں بہترین ثابت ہوتی ہے۔ وہ لذیذ کھانے پکانے میں مہارت رکھنے کے علاوہ جیون ساتھی کی جذباتی ضرورتوں سے آگاہ ہوتی ہے اور وہی کرتی ہے جو اُس کا ساتھی چاہتا ہے۔ سرطان عورت محبت میں سو فیصد شریک ہوتی ہے اور اسے دنیا میں اپنالائف پارٹنر اور اپنا گھر عزیز ہوتا ہے۔

برج اسد

برج اسد سے تعلق رکھنے والی عورت بطور بیوی غالبانہ مزاج رکھتی ہے۔ وہ جذبات سے بھرپور،سیروتفریح کی دلدادہ ،زندگی سے بھرپور اور صاف گو ہوتی ہے۔ ازدواجی زندگی میں اسد عورت بہت زیادہ دلچسپی لیتی ہے۔ شادی سے قبل وہ بہترین سے کم کسی مرد پر راضی نہیں ہوتی یا پھر کم ازکم اس بات کی خواہشمند ضرور ہوتی ہے کہ اس کا شوہر محنتی اور کامیاب ہو۔ اسد عورت کا حلقہ احباب بھی کافی وسیع ہوتا ہے۔اس کے ساتھ زندگی گزارنا چوبیس گھنٹے کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

برج سنبلہ

برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والی خواتین اچھی بیوی بننے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ وہ خوش لباس، انتہائی نفیس، صفائی و سادگی کی دلدادہ اور قدرتی مناظر سے لگاؤ رکھنے والی ہوتی ہیں۔ سنبلہ عورت کو اپنی جانب متوجہ کرنے کا گُر بہت اچھے طریقے سے آتا ہے۔ بحیثیت بیوی ان کافطری رجحان مذہب کی جانب ہوتا ہے، جو ان کے اخلاقی اقدار کو بہت بلند کر دیتا ہے اور اسی سبب یہ عورت اپنے جیون ساتھی کے اندر بھی یہی خصوصیات دیکھنے کی متمنی ہوتی ہے۔

برج میزان

برج میزان سے تعلق رکھنے والی خواتین گھریلو زندگی اورازدواجی خوشیوں کا بے حد خیال رکھنے والی منظم بیوی ثابت ہوتی ہیں، جس کے لیے وہ کسی بھی حدتک جانے سے گریز نہیں کرتیں۔ قربانی اور ایثار کا جذبہ ان خواتین میں شدت سے پایا جاتا ہےاور یہی جذبہ ان سے منسلک لوگوں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔

بر ج عقرب

خطرناک حد تک جذباتی برج ہونے کے ناطے برج عقرب سے تعلق رکھنے والی عورت باہمی روابط کو سنجیدگی سے لیتی ہے۔ لیکن عقرب عورت کو سمجھنا اور اس سے مفاہمت کرنا مشکل ہوتا ہے۔ ایسے لوگ کم ملیں گے، ‏جو اس کی بے پناہ کشش کے سحر میں مبتلا نہ ہوں۔ جب اس کو غصہ آتا ہے تو وہ آپے ‏سے باہر ہو جاتی ہے اور کہیں وہ اتنی حساس طبیعت کی مالک ہوتی ہے کہ آپ حیران رہ جاتے ہیں ۔

برج قوس

برج قوس سے تعلق رکھنے والی عورت مضبوط کردار کی مالک اور آزادخیال ہوتی ہے۔ اس برج سے تعلق رکھنے والی خواتین کی پہلی ترجیح ان کی اپنی ذات اور خواہشات ہوتی ہیں، جس کے لیے وہ جی جان کی بازی لگادیتی ہیں۔ یہ سیروتفریح کی شوقین اور خوبصورتی کی دلدادہ ہوتی ہیں۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ انھیں سراہا جائے اور ان کی خواہشات کا احترام کیا جائے۔

برج جدی

جدی عورت زندگی کے ہر معاملے میں کامیابی سے ہمکنار رہنا چاہتی ہے۔ اچھی زندگی گزارنے کی خواہش شدت سے موجود ہوتی ہے۔ اس ‏مقصد کے لیے وہ ہر قسم کی مشکلات کا مقابلہ کرنے اور ان پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے تیار ‏رہتی ہے اور اس معاملے میں بہت کم خواتین جدی عورت کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔ ‏

برج دلو

برج دلو سے تعلق رکھنے والی خواتین بحیثیت بیوی خوش اخلاق اور وفادار ہوتی ہیں۔ وہ ناسازگار حالات میں بھی ہمت نہ ہارنے کی ‏صلاحیتوں سے مالامال ہوتی ہیں۔ ثور یا میزان برج سے تعلق رکھنے والی خواتین کے برعکس اس برج کی عورت اپنے شوہر کی برتری تسلیم کرتی ہے۔

برج حوت

حوت عور ت بحیثیت بیوی اپنے شوہر کو دیوانہ کردینے کی صلاحیت سے مالا مال ہوتی ہے۔دوسروں کی بے غرض مدد کرکے خوشی محسوس کرنے والی، قربانی اور ایثار کے جذبات کے تحت مدد کے مواقع تلاش کرنے والی یا یوں کہیں تو زیادہ بہتر ہوگا کہ قربانی اور ایثار کا پیکر ہوتی ہے۔ اس کی شخصیت میں مقناطیسی کشش ہوتی ہے مگر اس برج سے تعلق رکھنے والی خواتین کی سب سے بڑی ناکامی اس کی کاہلی ہوتی ہے، یہ بہت موڈی ہوتی ہے۔

تازہ ترین