• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہرچندکہ ہم میں سے کئی لوگ، زندگی کے ہر معاملے میںیا پھر مستقبل میں جھانکنے اور پیش بینی کے لیے ستاروں کے علم اور بروج کا سہارا لیتے ہیں، کچھ چیزیں ہمارے ستاروں میں نہیں لکھی ہوتیں۔

زائچہ آپ کی شخصیت کے بارے میں بہت کچھ بتا سکتا ہے، جن میں شخصی خصوصیات، پسند یا نہ پسند وغیرہ ستاروں کے علم کا مرکزی اور بنیادی مقصد تصور کی جاتی ہیں، آج سے پہلے غالباً کسی کو علم نہیں تھا کہ کسی کی ذہانت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کس ستارے کے زیرِ اثر پیدا ہوا ہے؟جی ہاں، ایک نئی تحقیق نے ہمارے اب تک کے عام مفروضے کو غلط ثابت کردیا ہے۔

ہمیں معلوم ہے کہ ذہانت دو طرح کی ہوتی ہے۔ تجزیاتی ذہانت (Analytical Intelligence)، جس کا اندازہ IQ ٹیسٹ کے ذریعے لگایا جاتا ہے، جبکہ ذہانت کی دوسری قسم کو خیالی ذہانت (Perception Intelligence)کا نام دیا جاتا ہے، جس کے تحت آپ کی ذہانت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاتا ہے کہ آپ پر کس حد تک بیرونی عناصر اور احساسات اثرانداز ہوتے ہیں اور آپ ان سے نمٹنے کی کتنی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تجزیاتی ذہانت کے معاملے میں دِلو اور عقرب سے تعلق رکھنے والے افراد سب سے آگے رہتے ہیں۔ عقرب افراد کو بے وقوف بنانا مشکل ہی نہیں، ناممکن ہوتا ہے۔ وہ تیز ترین ذہانت کے مالک ہوتے ہیں۔

تاہم، اس کاہرگز یہ مطلب نہیں کہ دیگر بروج سے تعلق رکھنے والے افراد اچھی ذہانت کے مالک نہیں ہوتے۔

حمل، قوس اور اسد، ان بروج کا عنصر آگ ہے۔ وجدانی ذہانت (Intuitive Intelligence)کے معاملے میں کوئی برج ان کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ یہ افراد آنے والے حالات اور ممکنات کا بخوبی اندازہ لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کے مطابق اکثر ایسے فیصلے لیتے ہیں، جو دوسروں کو پُرخطر معلوم ہوتے ہیں۔یہ ان مصنوعات (Products) اور خدمات (Services) میں پیسہ دیکھ سکتے ہیں، جن کے بارے میں کوئی دوسرا تصور بھی نہیں کرسکتا۔

اسی طرح ثور، سنبلہ اور جدی، ان بروج کا عنصر مٹی ہے۔ مالیاتی معاملات سے لے کر کام کی جگہ پر معاملات سُلجھانے میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہوسکتا۔ عملی ذہانت ان پر ختم ہے۔

جوزا، میزان اور دلو کا عنصر ہوا ہے۔ یہ لوگ آئیڈیل دنیا میں رہتے ہیں۔ ان کا دماغ ہر وقت منفرد خیالات سے بھرا رہتا ہے اور لوگوں کے ساتھ سماجی تعلقات قائم کرنے میں یہ سب سے آگے رہتے ہیں۔

سرطان، عقرب اور حوت کا عنصر پانی ہے۔ یہ بلا کی نظر رکھتے ہیں اور فوراً بھانپ لیتے ہیں کہ سامنے والے میں کیا صلاحیتیں ہیں اور وہ کیا محسوس کررہا ہے۔

یہ تحقیق Go Compare نامی ریسرچ ادارے نے کی ہے۔ ریسرچ میں نوبل انعام جیتنے والی اب تک کی900شخصیات کی معلومات کو اِکٹھا کیا گیا اور ہر شخصیت کے برج کا پتہ لگایا گیا۔ نوبل انعام جیتنے کے معاملے میں ایک برج، 97نوبل انعامات کے ساتھ، باقی سب بروج پر بھاری رہا۔ ریسرچ کے مطابق، نوبل انعام جیتنے کے اعتبار سے برج جوزا (Gemini)، نوبل انعام کی پوری تاریخ میں ذہین ترین برج رہا ہے۔ اس طرح، 21مئی سے 20جون کے درمیان پیدا ہونے والے افراد ’ذہین ترین‘ قرار دیے گئے ہیں۔ 97جوزا شخصیات، جنھوں نے نوبل انعام جیتا ہے، ان میں باب ڈیلان اور بیٹی ولیمز بھی شامل ہیں۔ شاباش جوزا افراد!

یہ تو ہوگئی، نوبل انعام جیتنے کے لحاظ سے ذہین ترین برج کی بات۔ آپ کا برج کیا ہے اور آپ ’گو کمپیئر‘ کی ریسرچ میں کہاں کھڑے ہیں؟ آئیے جانتے ہیں۔

اس ریسرچ کے مطابق، دوسرا سب سے ذہین برج میزان (Libra) ہے۔ مجموعی طور پر ابھی تک 93 میزان شخصیات نوبل انعام جیت چکی ہیں، جن میں جمی کارٹر جونیئر اور ٹی ایس ایلیٹ بھی شامل ہیں۔

23اگست سے 22ستمبر تک پیدا ہونے والے سنبلہ (Virgo) افراد تیسرے سب سے ذہین افراد قرار دیے گئے ہیں، جن میں مدر ٹریسا بھی شامل ہیں۔

سرطان (Cancer) چوتھا، سب سے ذہین برج قرار دیا گیا ہے۔ اس برج سے تعلق رکھنے والی شخصیات 81 نوبل انعام جیت چکی ہیں، جن میں سب سے کم عمر نوبل انعام جیتنے والی گل مکئی ملالہ یوسفزئی اور نیلسن منڈیلا شامل ہیں۔

21مارچ سے 19اپریل کے درمیان پیدا ہونے والے افراد کا برج حمل ہوتا ہے۔ اس ریسرچ کے مطابق،برج حمل سے تعلق رکھنے والے پانچویں سب سے زیادہ ذہین افراد ہیں۔مجموعی طور پر اس برج سے تعلق رکھنے والی شخصیات 76 نوبل انعام جیت چکی ہیں۔

ذہانت کے میدان میں چھٹے نمبر پر برج ثور (اپریل 20 تا مئی 20)سے تعلق رکھنے والے افراد کو رکھا گیا ہے، اس برج سے تعلق رکھنے والی شخصیات اب تک 73نوبل انعام جیت چکی ہیں۔

71نوبل انعامات کے ساتھ ساتویں نمبر پر برج قوس رہا، جس میں وِنسٹن چرچل بھی شامل ہیں۔

اسی طرح 66نوبل انعامات کے ساتھ برج حوت کو آٹھواں، 65 نوبل انعامات کے ساتھ برج دلو کو نواں،64 نوبل انعامات کے ساتھ برج اسد اور برج عقرب کو مشترکہ طور پر دسواں ذہین ترین برج قرار دیا گیا ہے۔ 57نوبل انعامات کے ساتھ برج جدی سب سے کم ذہین برج قرار پایا ہے۔

تازہ ترین